لتا منگیشکرکی طبیعت سے متعلق ڈاکٹرکا تازہ ترین بیان سامنے آگیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکرکورونا اور نمونیا کی وجہ سے اب تک  اسپتال کے  انتہائی نگہداشت کے شعبے (آئی سی یو) میں داخل ہیں اور ڈاکٹر ز ان کا علاج کررہے ہیں۔

خیال رہےکہ گذشتہ دنوں لتا منگیشکر کو کورونا اور نمونیا کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جس کے بعد سے دنیا بھر میں موجود ان کے مداح گلوکارہ کی صحت کے بارے میں جاننےکے لیے بے چین ہیں۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق اب ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نے لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

ڈاکٹر پرتیت سمدانی کا کہنا ہےکہ لتا منگیشکر  ابھی بھی آئی سی یو میں ڈاکٹروں کی خصوصی نگرانی میں ہیں، ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، ان کے لیے دعا کریں ، وہ ابھی مزید اسپتال میں رہیں گی۔

گذشتہ روز  لتا منگیشکر کی بہن گلوگارہ آشا بھوسلے نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ اسپتال میں سخت پابندیاں ہیں اور جب وہ لتا سے ملنے گئیں تو انہیں بھی کورونا وبا کے پیشِ نظر پروٹوکولز کی وجہ سے ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے مداحوں کو یقین دلایا کہ لتا منگیشکر صحت یاب ہو رہی ہیں اور پہلے سے بہتر محسوس کررہی ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس اور اومی کرون کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اس سے قبل کئی فنکار موجودہ لہرکا شکار ہوچکے ہیں جن میں شاہد کپور، گلوکار سونو نگم، ارجیت سنگھ اور جھانوی کپور کی بہن خوشی کپور شامل ہیں۔

مزید خبریں :