کھیل
Time 18 جنوری ، 2022

آئی سی سی کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے بھی پی ایس ایل میں ذمہ داریاں نبھائیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے 30 لیگ میچز کیلئے امپائر اور میچ ریفری پینل کا اعلان کردیا— فوٹو: فائل
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے 30 لیگ میچز کیلئے امپائر اور میچ ریفری پینل کا اعلان کردیا— فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے پہلی بار پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے  پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے 30 لیگ میچز کیلئے امپائر اور میچ ریفری پینل کا اعلان کردیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں ریفری کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

لیگ کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ ایونٹ کافائنل 27 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

سری لنکا کی طرف سے 21 ٹیسٹ اور 63 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے سابق کرکٹر رنجن مدوگالے 125 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

1993 سے آئی سی سی کے ایلیٹ پینل برائے میچ ریفری کا حصہ رہنے والے رنجن مدوگالے اب تک 201 ٹیسٹ اور 370 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی میچ ریفری کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔

وہ دو سال قبل بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان میں بھی میچ ریفری کی ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔ رنجن مدوگالے 30 مارچ کو لاہور قلندرز  بمقابلہ کراچی کنگز  میں پہلی مرتبہ پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔ رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف اس میچ میں آن فیلڈ امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ ان کے علاوہ فیصل آفریدی تھرڈ امپائر اور عمران جاوید کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔

رنجن مدوگالے کے علاوہ روشن ماہنامہ اس مرتبہ بھی پی ایس ایل میں ریفری کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

وہ 27 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کے افتتاحی میچ کے علاوہ پی ایس ایل 7 میں کُل 7 میچز میں ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔ ایونٹ کے افتتاحی میچ میں علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگ ورتھ آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ احسن رضا تھرڈ امپائر اور عمران جاوید فورتھ امپائر ہوں گے۔

ان دونوں کے علاوہ پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں شامل میچ ریفریز علی نقوی، افتخار احمد اور محمد جاوید ملک بھی لیگ میں ذمہ داریاں ادا کریں گے جبکہ علیم ڈار، مائیکل گف، رچرڈ ایلنگ ورتھ، احسن رضا، آصف یعقوب، فیصل آفریدی، امتیاز اقبال، عمران جاوید، ناصر حسین، راشد ریاض، شوزب رضا اور ولید یعقوب ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

فائنل سمیت پلے آف میچز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 

مزید خبریں :