پاکستان
Time 24 جنوری ، 2022

27 فروری کو کراچی سے نکلیں گے اور آئینی طریقے سے حکومت کو ختم کریں گے، بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فیصلہ کرلیا ہے 27 فروری کو ہم کراچی سے نکلیں گے اور اسلام آباد جائیں گے، آئینی و قانونی طریقے سے حکومت کو ختم کریں گے۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے کھاد کی قلت، منہگائی اورزرعی مسائل پر کسانوں سے یکجہتی کیلئے مختلف شہروں میں ٹریکٹر ٹرالی مارچ کیا گیا۔

حیدرآباد میں مارچ سے خطاب میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ  فیصلہ کرلیا ہے 27 فروری کو ہم کراچی سے نکلیں گے اور اسلام آباد جائیں گے، آئینی و قانونی طریقے سے حکومت کو ختم کریں گے۔۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کسانوں، مزدوروں اور عام آدمی کا راج ہوگا۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ کٹھ پتلی کے آنے کے بعد کسان کا معاشی قتل ہورہاہے، آج کسان بھوکا سوئے گا تو کل ملک بھوکا سوئے گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھ جیسے لوگوں کے پاس بڑے بڑے گھر ہیں ، ان سے پراپرٹی ٹیکس وصول کریں گے۔

بلدیاتی قانون پر تنقید کرنے والوں سے متعلق بلاول کا کہنا تھاکہ بلدیاتی قانون کو کالا کہنے والوں کا منہ کالا ہوگا، ان کو بلدیاتی انتخابات میں اپنی شکست نظر آرہی ہے، یہ ان کی آخری کوشش ہے۔

انہوں نے ایم کیو ایم کا نام لیے بغیر کہا کہ جو اپنے قائد سے وفا نہں کرسکتے وہ آپ سے کیا وفا کریں گے، یہ دہشت گردی میں ملوث تھے،یہ آپ کےدشمن ہیں اس شہر اور صوبےکے دشمن ہیں۔

مزید خبریں :