پاکستان
Time 24 جنوری ، 2022

فواد چوہدری کا شہباز شریف کا کیس براہ راست نشرکرنےکا مطالبہ

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مطالبہ کیا ہےکہ شہباز شریف کا کیس براہ راست نشر ہونا چاہیے، عدالت میں کیمرے لگائیں تاکہ لوگ دیکھیں ان پر کیس کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  زرداری اینڈ کمپنی نے جو پیسے لوٹے، قوم اس کا بھی حساب چاہتی ہے،کرپشن مقدمات کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے، ساڑھے تین سال ہوگئے، ان سے ریکوری ہونا بہت ضروری ہے، اگر ان لوگوں نے پیسے نہیں لوٹے تو بری کیا جائے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں شہباز شریف کا کیس براہ راست نشر ہو ، دیکھیں تو سہی کہ شہادتیں کیا ہیں، نواز شریف کہتے ہیں میرے بچوں پر پاکستانی قانون لاگو ہی نہیں ہوتا، ایسا ہی شہباز شریف بھی کہتے ہیں۔ ان کابچہ پیدا بعد میں ہوا اور اس کے نام پر محل پہلے خریدا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 1947 میں جیسا ملا تھا، اس کے قریب قریب ہی ملک پی ٹی آئی کو ملا، یہ ایسے ہی تھا جیسے ایسٹ انڈیا کمپنی سے دوبارہ قبضہ چھڑایا گیا،کورونا کے باوجود جی ڈی پی 5.37 فیصد رہی، پاکستان دوبارہ اپنی درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے، عمران خان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی۔

 انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں اختیارات صوبوں سے ضلعوں کو منتقل ہوں، سندھ حکومت بلدیاتی قوانین سے متعلق عوام سے زیادتی کر رہی ہے، سندھ حکومت نےصحت کارڈ جیسی سہولت سے بھی اپنےعوام کو محروم رکھا ہے۔

مزید خبریں :