پاکستان
Time 28 جنوری ، 2022

پی پی نے حافظ نعیم کو ماموں بنا دیا، معاہدہ مسترد کرتے ہیں: ایم کیو ایم

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے بلدیاتی قانون سے متعلق جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان معاہدہ مسترد کردیا۔

میڈیا سے گفتگو میں اظہار الحسن کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم نے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا اور جماعت اسلامی کو بھی آنے کی دعوت دی لیکن انہوں نے علیحدہ رہنا بہتر سمجھا، تمام سیاسی جماعتوں، تاجر تنظیموں اور صنعتکاروں نے متحدہ کے مؤقف کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اورجماعت اسلامی کے معاہدے کو مسترد کرتے ہیں،  پیپلزپارٹی اورجماعت اسلامی کے درمیان معاہدہ ارینج میرج تھی، جماعت اسلامی کا اسمبلی میں ایک ہی ایم پی اے ہے اور وہ بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے۔

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی نے حافظ نعیم کو ماموں بنا دیا اور وہ اپنا ندامتی بیان ابھی سےلکھ کر رکھیں۔

خواجہ اظہار کا کہنا تھاکہ کیا جماعت اسلامی نے نعمت اللہ صاحب کے دور کا نظام منوا لیا؟ اتنی آسانی سے اتنی پرانی جماعت کیسے ان کے جھانسے میں آگئی؟  آج سے حافظ نعیم، حافظ نعیم ’ماموں‘ کہلائے جائیں گے،خواجہ اظہار

خیال رہے کہ گزشتہ شب سندھ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے جس کے بعد جماعت اسلامی نے سندھ اسمبلی کے باہر کئی روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سندھ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان تحریری معاہدہ ہوا  جس کے مطابق سندھ حکومت 2013 کے بلدیاتی ایکٹ میں ترامیم لائے گی۔

مزید خبریں :