پاکستان
Time 28 جنوری ، 2022

گیلانی کا ووٹ کم ہونے سے ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنانے کا بل منظور ہوگیا: مصدق ملک

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سینیٹر مصدق ملک نے سینیٹ سے اسٹیٹ بینک ترمیمی بل منظور ہونے پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اپنے بیان میں مصدق ملک کا کہنا تھاکہ سینیٹ میں اسٹیٹ بینک کا بل پیش ہوا، قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی غائب تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ووٹ یعنی یوسف رضا گیلانی کا ووٹ کم ہونے سے پاکستان کو آئی ایم ایف کا غلام بنانے کا بل منظور ہوگیا۔

ان کا کہنا تھاکہ یوسف رضا گیلانی کو قائد حزب اختلاف بنانے والے اور اپوزیشن بینچ پر بیٹھنے والے سینیٹرز نے بل کی والہانہ حمایت کی۔

سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کی اکثریت کے باوجود بل کا پاس ہونا تشویش کی بات ہے جو سینیٹرز نہیں آئے، اُن کی جماعتوں کے سربراہان اس کا نوٹس لیں اور غیرحاضری کی وجہ دریافت کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بل پر باآسانی شکست دی جا سکتی تھی۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کی اکثریت کے باوجود حکومت نے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری سے متعلق ترمیمی بل سینیٹ سے منظور کرا لیا۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہوا جس میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر رائے شماری کرائی گئی جس میں بل کے حق میں 43 اور مخالفت میں 42 ووٹ آئے۔

مزید خبریں :