30 سال سے بیت الخلاء میں سموسے بنانیوالا ریسٹورینٹ سیل

اشیاء کی تیاری کے لیے استعمال کی جانے والی چکن اور پنیر کی میعاد بھی 2 سال قبل ختم ہوچکی تھی: غیر ملکی میڈیا/فوٹوبشکریہ گلف نیوز
اشیاء کی تیاری کے لیے استعمال کی جانے والی چکن اور پنیر کی میعاد بھی 2 سال قبل ختم ہوچکی تھی: غیر ملکی میڈیا/فوٹوبشکریہ گلف نیوز 

 سعودی شہر جدہ میں گزشتہ 30 برسوں سے بیت الخلاء میں سموسے بنانے والے ریسٹورینٹ کو سیل کر دیاگیا۔

سعودی خبر رساں ادارے گلف نیوز کے مطابق سعودی میونسپلٹی نے ایک رہائشی عمارت میں قائم ریسٹورینٹ پر چھاپہ مارا تو پتہ چلا کہ ریسٹورینٹ میں عملے کے کسی بھی فرد کے پاس ہیلتھ کارڈ موجود نہیں ہے، اور ریسٹورینٹ  رہائشی اصولوں کے برخلاف چل رہا ہے۔

سعودی اخبار اوکاز کے مطابق ریسٹورینٹ میں سموسے اور کھانے پینے کی اشیاء بیت الخلاء میں تیار کی جاتی تھیں جبکہ اشیاء کی تیاری کے لیے استعمال کی جانے والی چکن اور پنیر کی میعاد بھی 2 سال قبل ختم ہو چکی تھی۔

میونسپل عملے کا بتانا ہے کہ  کارروائی کرتے ہوئے ریسٹورینٹ کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک ٹن سے زیادہ کھانے پینے کا سامان بھی تلف کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جدہ میں قائم ایک شوارما ریسٹورینٹ میں سیخ پر سے چوہے کو گوشت کھاتا دیکھ کر ریسٹورینٹ کو بند کر دیا گیا تھا۔