بندر قتل کیس کے اہم ثبوت ہی چوری کرکے لے گیا

بھارت میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں قتل کیس کے اہم ثبوت ایک بندر لے اُڑا۔—فوٹو: فائل
بھارت میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں قتل کیس کے اہم ثبوت ایک بندر لے اُڑا۔—فوٹو: فائل

بھارت میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں قتل کیس کے  اہم ثبوت  ایک بندر لے اُڑا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان میں پولیس نے قتل کیس کی سماعت کرنے والی عدالت کے سامنے ایک عجیب و غریب وضاحت پیش کی کہ ایک بندر کیس میں جمع کیے گئے  اہم ثبوت ہی لے کر بھاگ گیا ۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس کی تحویل  سے بندر قتل میں شامل چاقو  سمیت بیگ میں موجود 15 دوسرے شواہد بھی  لے کر فرار ہوا۔

کیس کیا ہے؟

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس ستمبر 2016 میں راجستھان کے شہر جے پور کے چندواجی علاقے کے ایک بنیادی صحت مرکز میں ششی کانت شرما کی موت کی تحقیقات کر رہی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق شرما کے اہل خانہ نے الزام لگایا تھا کہ ان کا قتل کیا گیا تاہم  پولیس نے تحقیقات کے دوران  دو افراد کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا اور بعد ازاں انہیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

مقدمے کی سماعت کئی سالوں میں کئی مراحل سے گزری لیکن جب حال ہی میں عدالت نے پولیس سے ثبوت پیش کرنے کو کہا تو پولیس نے عدالت میں ایک تحریری بیان دیتے ہوئے بینچ کو بتایا کہ ان کے پاس موجود ثبوت  بندر چوری  کرکے لے گیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قتل کے ہتھیار سمیت تمام شواہد  پولیس اسٹیشن میں ایک درخت کے نیچے رکھے گئے تھے۔

 رپورٹس کے مطابق عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے  پولیس کو نوٹس جاری کیا، جس کے بعد محکمے نے ایک کانسٹیبل پر لاپرواہی کا الزام لگایا۔ 

پولیس نے یہ بھی کہا کہ اس واقعے کے بعد کانسٹیبل کو معطل کر دیا گیا تھا اور بعد میں  ریٹائر ہو نے کے بعد  اس کی موت بھی ہو گئی۔

مزید خبریں :