ای سی سی نے آٹےکا 20 کلوکا تھیلا 150 روپے سستا کرنےکی منظوری دیدی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آٹےکا 20 کلو کا تھیلا 950 روپے سےکم کرکے 800 روپے اور  ویجی ٹیبل گھی پر 180 روپے فی کلو سبسڈی دینےکی منظوری دے دی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں  رمضان ریلیف پیکج کے تحت گندم،چینی کی قیمتوں پر نظرثانی کی گئی۔

ای سی سی کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق  پسے ہوئے طبقے کے لیے آٹے اور چینی کی قیمتوں پر نظرثانی کی سمری منظور کی گئی، آٹےکے20 کلو کےتھیلےکی قیمت 950 روپےسے کم کرکے 800 روپے اور چینی کی قیمت 85 روپے سےکم کرکے 70 روپے فی کلوکرنےکی منظوری دی گئی،  ویجی ٹیبل گھی پر 180 روپے فی کلو سبسڈی دینےکی بھی منظوری دی گئی۔

اعلامیہ ای سی سی کے مطابق وزیراعظم ریلیف پیکج کی مئی،جون تک توسیع کی بھی منظوری دے دی گئی، رمضان ریلیف پیکج کےتحت یوٹیلیٹی اسٹورز  پر اشیائےضروریہ کی فروخت جاری رکھنےکی اجازت بھی دی گئی ہے۔

اجلاس میں پاسکو اور پنجاب کو اضافی گندم خریدنے کی منظوری دے دی گئی، ای سی سی کے مطابق پاسکو نے 1.20 ملین میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے اور پنجاب نے 3.5 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔

پاسکو کو 0.50 ملین میٹرک ٹن اور پنجاب کو ایک ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کی اجازت دی گئی ہے، پاسکو 28.50 ارب روپے اور محکمہ خوراک پنجاب  145.50 ارب سےگندم خریدےگا۔

ای سی سی نے ملکی طلب کے مطابق 3 ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کرنےکی بھی اجازت دے دی ہے۔

اجلاس میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کےلیےسپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

مزید خبریں :