پاکستان
16 مئی ، 2022

ملکی حالات تشویشناک ہیں، فیصلوں کی بڑی سیاسی قیمت ادا کرنا ہوگی: شاہد خاقان

ابھی تک تیل کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں، کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم دباؤ پڑے: لیگی رہنما کی میڈیا سے گفتگو/ فائل فوٹو
ابھی تک تیل کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں، کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم دباؤ پڑے: لیگی رہنما کی میڈیا سے گفتگو/ فائل فوٹو

کراچی: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہےکہ ملکی معاملات  گہرے اور تشویشناک  ہیں اور موجودہ حالات میں سیاست ثانوی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ عمران خان کی حکومت نے 4 سال میں خرابیاں پیدا کی ہیں اور ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ معاملات پر قابو پانے کی کوشش کی جائے لہٰذا آج ہمیں ملک کو اولین ترجیح دینی پڑے گی اور سیاسی مفادات کو پیچھے ڈالنا پڑے گا۔

انہوں  نے مزید کہا کہ جو حالات ہیں ان میں سیاست ثانوی حیثیت اختیارکرگئی ہے، غلطیاں کسی اور کی ہیں، معیشت کی حالت کو ملاحظہ کرلیں، معاملات گہرے اور تشویشناک ہے،  آج مشکل فیصلوں میں سب کو اپنا حصہ ڈالنا پڑے گا۔

لیگی رہنما کاکہناتھا کہ مہنگائی مہینے میں نہیں آتی بلکہ یہ چار سال کا سفر ہے، ہم نے 97 میں بھی یہی حالات دیکھے مگر ہم نے مہنگائی کم کی، عمران خان کی کرپشن، کوتاہیوں کی مثال کسی اور ملک میں نہیں ملے گی، قرض پر قرض لیتے رہے اور ملک چلاتے رہے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ انشااللہ ملکی معیشت کو استحکام دیں گے، عوام کے لیے خوش خبری ہے کہ عمران خان سے جان چھوٹ گئی ہے، ملک میں احتساب کے معاملات عوام کے سامنے آچکے ہیں، اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ احتساب کے عمل کو بھی برقرار رکھے اور نیب بھی ختم کرے۔

ان کاکہنا تھا کہ ابھی تک تیل کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں، کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم دباؤ پڑے، خرابیاں اتنی ہیں کہ ان پر قابو پانا ممکن تو ہے لیکن مشکلات ہیں، جو بھی فیصلے ہوں گے ان کی بڑی سیاسی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

مزید خبریں :

Notification Management


پاکستان
دنیا
کاروبار
کھیل
انٹرٹینمنٹ
صحت و سائنس
دلچسپ و عجیب

ڈیسک ٹاپ نوٹیفکیشن کے لیے سبسکرائب کریں
Powered by IMM