وزیراعظم سے چینی ہم منصب کا رابطہ، پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اظہار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیر اعظم شہباز شریف سے چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور پاک چین تعلقات کے فروغ اور مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا۔

چینی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق چین کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ہمیشہ کی طرح قومی خود مختاری اور سلامتی کے دفاع میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کرےگا، چین پاکستان کی معاشی ترقی اور مالی استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کی مدد جاری رکھےگا۔

چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ تزویراتی روابط کو مضبوط بنانے اور  اقتصادی راہداری جیسے بڑے منصوبوں پر تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

چینی وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں چینی شہریوں پر حالیہ حملے سے چین میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، امید ہے پاکستان مجرموں کو جلد قرار واقعی سزا دےگا۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر کراچی دہشت گردانہ حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کی پرزور مذمت کرتا ہے، چینی شہریوں کی جانوں اور تحفظ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اور  ہم چینی متاثرین اور زخمیوں کو بلا تفریق اپنا ہم وطن سمجھتے ہیں۔

مزید خبریں :