’عمران کی ناکامیوں کا بوجھ کس حد تک اٹھا سکتے ہیں؟ وزیراعظم نے مشاورت کر لی ہے‘

عمران نیازی کی حکومت نے بجلی فراہمی کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا، عمران نیازی کی حکومت نے جس شعبے میں ہاتھ ڈالا وہ تباہ ہو گیا: وفاقی وزیر۔ فوٹو: فائل
عمران نیازی کی حکومت نے بجلی فراہمی کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا، عمران نیازی کی حکومت نے جس شعبے میں ہاتھ ڈالا وہ تباہ ہو گیا: وفاقی وزیر۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان کی ناکامیوں کا بوجھ کس حد تک اٹھا سکتی ہے، اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی ہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ حکومت کے جھوٹے کیسز کا سامنا کر رہے ہیں، کھیلوں کا کمپلیکس بنانے پر ہمیں سزا دی جا رہی ہے، عمران خان اب بھی خود کو وزیراعظم سمجھ رہے ہیں، عمران خان اب بھی جہاز پر سوار ہیں، امید ہے جلد لینڈ کر جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر کے منصوبے 4 سال تک التوا کا شکار رہے ہیں، عمران نیازی کی حکومت نے گوادر پورٹ کے ساتھ مجرمانہ سلوک کیا، گوادر بندرگاہ میں کوئی بڑا جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکتا جبکہ پسنی فش ہاربر بھی کئی سال سے بند پڑا ہے۔

احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی کی حکومت نے بجلی فراہمی کے لیے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا، عمران نیازی کی حکومت نے جس شعبے میں ہاتھ ڈالا وہ تباہ ہو گیا، عمران خان ایک پروفیشنل دلہا ہے جو ہر شادی میں ناکام ہوا ہے، عمران نیازی قوم سے ایک نئے رشتے کی تلاش میں نکلا ہے۔

وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سنگین غفلت اورمجرمانہ کوتاہی کا مظاہرہ کیا، عمران نیازی کو اپنی حکومت کی کارکردگی کا حساب دینا ہو گا، عمران نیازی سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگلا الیکشن موسیقی اور  رقص کروا کر نہیں جیتا جا سکتا، انہیں بتانا ہوگا کہ پاکستان کو دیوالیہ کیوں کیا؟

احسن اقبال نے کہا کہ ہائبرڈ وار کے ذریعے ملک میں انارکی پھیلائی جا رہی ہے، عمران خان کی ناکامیوں کا بوجھ کس حد تک اتحادی حکومت اٹھا سکتی ہے؟ وزیراعظم نے موجودہ صورتحال پر اپنی مشاورت مکمل کر لی ہے، اتحادی حکومت پاکستان کو اس گرداب سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے۔

مزید خبریں :