تربت سےکالعدم تنظیم کی خاتون رکن ساتھی سمیت گرفتار، خودکش جیکٹ برآمد

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نےکہا ہےکہ بیرونی ہاتھ ہماری بلوچ خواتین کو استعمال کر رہے ہیں، بلوچستان میں خواتین خودکش حملہ آوروں کو تیار کیا جا رہا ہے۔

 اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے تربت میں کارروائی کے دوران ایک مکان سے خاتون کو ساتھی سمیت گرفتار کیا، خاتون نور جہاں اور اس کے ساتھی کا تعلق کالعدم بی ایل اے کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ سے ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق آپریشن کے دوران خاتون اہل کار بھی شامل تھیں، مکان سے خودکش جیکٹ،کلاشنکوف، 9 کلو باروی مواد اور 6 ہینڈگرنیڈ ملے، مقدمہ درج کرکے خاتون سے تفتیش کی جارہی ہے، عدالت نے خاتون اور اس کے ساتھی کا 7 روزہ ریمانڈ  دیا ہے۔

فرح عظیم شاہ نےکہا کہ نورجہاں نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ بلوچستان میں خواتین خودکش حملہ آوروں کو تیار کیا جا رہا ہے، مجید بریگیڈ خواتین کو خودکش حملے کے لیے تیار کر رہی ہے، مارے گئے دہشت گرد اسلم عرف اچھو کی بیوی یاسمین ان کی سربراہی کر رہی ہے۔ 

ترجمان نے بتایا کہ نورجہاں نے اعتراف کیا ہےکہ اسے دبئی سے ایک شخص ندیم کے ذریعے مالی معاونت حاصل تھی، دبئی سے پیسے دہشت گردوں کو ٹرانسفر ہونے کے معاملے پر دبئی کی حکومت سے سرکاری رابطے کیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :