شہبازغلط فہمی میں نہ رہیں، پیسے بھی نکلوائیں گے اورجیل میں بھی ڈالیں گے: عمران کی دھمکی

فوٹو: اسکرین شاٹ/ جیو نیوز
فوٹو: اسکرین شاٹ/ جیو نیوز

سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے آصف زرداری وزارتیں سنبھال کر خوش ہے ،کیونکہ گالیاں شہباز اور ن لیگ کو پڑ رہی ہیں، زرداری واقعی ن لیگ پر بھاری ہے۔

گوجرانوالا میں جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ یہ سیاست نہیں ہو رہی، انقلاب آرہا ہے، بڑے بڑے ڈاکو اور بڑے مافیا ایک طرف کھڑے ہوگئے اور میری قوم دوسری طرف کھڑی ہوگئی ہے، انہیں بری طرح شکست دیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ امریکی سازش کے تحت بڑے ڈاکوؤں نے منتخب حکومت کو گرایا، میں آپ سے پوچھتا ہوں،سازش تھی یا مداخلت تھی؟ پہلے سازش ہوتی ہے اور اس کے بعد مداخلت ہوتی ہے، یہ سمجھ رہے تھے وزیراعظم کو نکالا جاتا ہے مٹھائیاں بٹتی ہیں لیکن ایک وزیراعظم کو نکالا گیا تو لوگ سڑکوں پر آگئے۔

انہوں نے کہاکہ جب حکومت ہٹائی گئی تو ملکی دولت میں اضافہ ہورہا تھا، سب سے زیادہ ایکسپورٹ ہمارے دور میں ہوئی، 9 ماہ میں 26 فیصد پاکستان کی ایکسپورٹ بڑھی، 31 ارب ڈالر کے باہر سے پاکستانیوں نے رقم بھیجی، پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس اکٹھا کیا، ٹیکس زیادہ اکٹھا کیا تو اپنے لوگوں کیلئے پیٹرول اور ڈیزل کم کیا، لوگوں پرکم بوجھ ڈالا، عوام سے پیسا اکٹھا کر کے عوام پر خرچ کیا۔

عمران خان کا کہناتھا کہ ہمارے دور میں ریکارڈ فصلیں ہوئیں، کسان خوشحال ہوا، کورونا سے دنیا میں تباہی تھی، ہندوستان کی معیشت تباہ ہوئی، کورونا میں ہم نے لوگوں کو اٹھایا، معیشت بچائی، ملک صحیح راستے پر جارہا تھا، ڈاکوؤں نے امریکی سازش سے مل کر حکومت گرائی۔

ان کا کہنا تھاکہ آج کل زرداری سب سے زیادہ خو ش پھر رہا ہے، زرداری خوش ہے، ساری گالیاں مسلم لیگ ن اور شہباز کو پڑ رہی ہیں، زرداری وفاق میں بیٹھا ہے، سندھ سنبھالاہوا ہے اور گالیاں شہباز کو پڑ رہی ہیں، واقعی زرداری تم ن لیگ پر بھاری ہو۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ شہبازشریف وزیراعظم بن کر کہتا ہے کیا کروں، پتا نہیں چل رہا، شہباز شریف کہتا ہے مہنگائی بڑھ رہی ہے، زرمبادلہ گر رہا ہے، شہباز شریف کو بہت شوق تھا اچکن کا، اب بتاؤ؟ دونوں بھائی سوچ رہے ہیں کیا کریں، پھنس گئے ہیں، آگے ان کے سمندر ہے اور پیچھے عمران خان کھڑا ہے، آگے جاتے ہیں تو سمندر اور پیچھے عمران خان عوام لے کر کھڑا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ میری پیشگوئی سن لو، آپ کو بچایا جارہا تھا، 30 سال سے چوری کررہے تھے، 30 سال سے ظلم کررہے تھے، دونوں بھائی کان کھول کر سن لو، ہر ڈاکو کا وقت آجاتا ہے، تمہارا وقت آگیا ہے، شہبازشریف کواچکن سلانےکی جلدی تھی،کیونکہ ایف آئی اے میں کیس تھا، شہبازشریف سمجھتاتھا وزہراعظم بن گیا تو ایف آئی اےکیس نہیں رہیں گے، شہباز شریف غلطی میں نہ رہنا، ہم نے تمہیں نہیں چھوڑنا، تم سے پیسے بھی نکلوائیں گے اور تمہیں جیل میں بھی ڈالیں گے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمران خان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کرنا ضروری ہے، سپریم کورٹ نے لوٹوں کو فارغ کردیا، ملتان سے بڑے لوٹے ہوئے ہیں، جنوبی پنجاب سے بڑے لوٹے ہوئے ہیں، میں لوٹوں کا بندوبست کرنے جارہا ہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ آپ کا شکریہ ، آپ نے ضمیر فروشوں کو فارغ اور ذلیل کیا، سب نے مل کر میری حکومت گرائی، صحافی نے پوچھا کون کون شامل تھا حکومت گرانے میں؟ تو میں نے کہا کوئی بچ گیا تھا؟ سب مافیا نے اکٹھا ہو کر میری حکومت کو گرایا، اللہ نے لوگوں کو جگادیا، وزارت عظمیٰ تو کچھ نہیں، وزارت عظمیٰ کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں، ن میں کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ آپ کو کسی کے سامنے جھکنے دوں گا۔

کہا شہبازغلط فہمی میں نہ رہیں، ان سے پیسے بھی نکلوائیں گے  اورجیل میں بھی ڈالیں گے 

مزید خبریں :