دنیا
Time 19 مئی ، 2022

روس کا جوابی اقدام، فرانس ،اٹلی اور اسپین کے درجنوں سفارتکاروں کو ملک بدر کردیا

روس نے فرانس، اٹلی اور اسپین کے درجنوں سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔—فوٹو: فائل
روس نے فرانس، اٹلی اور اسپین کے درجنوں سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔—فوٹو: فائل

روس نے فرانس، اٹلی اور اسپین کے درجنوں سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق روس کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا کہ وہ روس میں فرانسیسی سفارتی مشن کے 34 ملازمین کو ملک بدر کررہا ہے جبکہ  انہیں ملک چھوڑنے کے لیے دو ہفتے کا وقت دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فرانس نےاپریل میں 35روسی سفارتکاروں کو ملک بدرکیاتھا جب کہ ان میں سے 6 کو ناپسندیدہ شخصیت بھی قرار دیاتھا۔

 رپورٹس کے مطابق پیرس میں  وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فرانس روس کی طرف سے اپنے سفارت کاروں کو نکالے جانے کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔

دوسری جانب روس کی وزارت  خارجہ نے ایک اور بیان میں کہا کہ  ماسکو میں اسپین کے سفارت خانے اور سینٹ پیٹرز برگ میں قونصلیٹ جنرل کے 27 ملازمین کو  بھی ملک بدر کیا گیا ہے اور ان کے پاس روس چھوڑنے کے لیے 7 دن ہوں گے۔

روس کی جانب یہ فیصلہ اپریل میں اسپین کی جانب سے 27 روسی سفارتکاروں کو ملک بدر کرنے کے بدلے میں کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ  روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے روسی خبر رساں ایجنسیوں کو تصدیق کی کہ اٹلی کے 24  سفارت کاروں کو بھی ملک بدر کر دیا گیا ہے۔

اطالوی وزارت خارجہ نے بھی روس میں اٹلی کے سفارتی اور قونصلر نمائندوں اور اطالوی تجارتی ایجنسی کے دفتر کے 24 اراکین کو بے دخل کرنے کی تصدیق کی۔

اٹلی کے وزیر اعظم ماریو ڈراغی نے روس کے فیصلے کو دشمنانہ عمل قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

فرانس نےاپریل میں 35روسی سفارتکاروں  کو ملک بدرکیاتھا جب کہ ان میں سے 6 کو ناپسندیدہ شخصیت بھی قرار دیاتھا۔

مزید خبریں :