فحش فلموں کی تیاری: شلپا شیٹی کے شوہر کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج

شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا / ٹوئٹر فوٹو
شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا / ٹوئٹر فوٹو

بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کے خلاف بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے فحش فلموں کی تیاری اور فروخت کے حوالے سے منی لانڈرنگ کا کیس رجسٹر کرلیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ راج کندرا نے ایک کمپنی آرمز پرائم میڈیا لمیٹڈ فروری 2019 میں قائم کی تھی اور اس کے تحت ایک ایپ ' ہاٹ شاٹس' تیار کی ۔

اس ایپ کو بعد میں ایک برطانوی کمپنی کینرین کو فروخت کردیا گیا اور یہ کمپنی درحقیقت راج کندرا کے برادر نسبتی کی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ راج کندرا کی کمپنی ویان انڈسٹریز کا تعلق کینرین سے تھا اور ویان کے 13 بینک اکاؤنٹس سے کروڑوں روپوں کی ٹرانزیکشن کی گئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ہاٹ شاٹس ایپ بنیادی طور پر فحش فلموں کا پلیٹ فارم تھی ، ان فلموں کو بھارت میں تیار کرکے ایپ میں اپ لوڈ کرکے سبسکرائپشن کی پیشکش کی جاتی۔

اس سروس کو استعمال کرنے والے افراد سے حاصل ہونے والی آمدنی کو راج کندرا کی کمپنی ویان انڈسٹریز میں منتقل کیا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ فحش فلموں کی یہ آمدنی برطانیہ کے راستے راج کندرا کی کمپنی کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوتی تھی جو منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتا ہے۔

واضح رہے کہ راج کندرا کو 19 جولائی 2021 کو دیگر 11 افراد کے ساتھ فحش فلموں کی تیاری کے الزام کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

20 ستمبر 2021 کو ممبئی کی ایک عدالت نے اس کیس میں راج کندرا کو ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

دوسری جانب راج کندرا کی جانب سے ہمیشہ ان الزامات کی تردید کی گئی ہے۔

مزید خبریں :