صحافی عزیز میمن کے قتل کا مرکزی ملزم مشتاق سہتو گرفتار

پچھلے ڈھائی سال سے ملزم مشتاق سہتو مفرور تھا جسے صحرا سے گرفتار کیا گیا، وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن— فوٹو:فائل
پچھلے ڈھائی سال سے ملزم مشتاق سہتو مفرور تھا جسے صحرا سے گرفتار کیا گیا، وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن— فوٹو:فائل

صحافی عزیز میمن کے قتل کے مرکزی ملزم مشتاق سہتو کو گرفتار کرلیا گیا۔ 

سینیئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) نوابشاہ امیر سعود مگسی کے مطابق مرکزی ملزم مشتاق سہتو کو نوابشاہ پولیس نے خیرپور سے گرفتار کیا۔

عزیز میمن قتل کیس کے 6 ملزمان پہلے ہی گرفتار ہیں جبکہ مقدمے میں نامزد ایم این اے محراب پور ابرار شاہ ضمانت پر ہیں۔ 

دوسری جانب وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کے مطابق پچھلے ڈھائی سال سے ملزم مشتاق سہتو مفرور تھا جسے صحرا سے گرفتار کیا گیا۔

ان کا کہنا تھاکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے ضلع شہید بینظیر کی پولیس نے بڑی گاڑیاں اور اونٹ استعمال کیے۔

خیال رہے کہ مشتاق سہتو پر الزام ہے کہ اس نے عزیز میمن کو کوریج کے بہانے بلاکر کیمرے کی تار سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا۔ ملزم کی گرفتاری پر سندھ حکومت نے 10 لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا تھا۔

واضح رہے کہ صحافی عزیز میمن کو 16 فروری 2020 میں خیرپور کے علاقے محراب پور میں قتل کردیا گیا تھا۔ 

مزید خبریں :