دنیا
Time 21 مئی ، 2022

دہشتگردی کیخلاف تعاون کرنے تک سوئیڈن اور فن لینڈکی نیٹو میں شمولیت قبول نہیں، ترک صدر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ترک صدر  رجب طیب اردوان کا کہنا ہےکہ دہشت گردی کے خلاف تعاون کرنے تک ترکی سوئیڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت قبول نہیں کرےگا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر اردوان نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل اسٹولٹن برگ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور نیٹو اتحاد میں سوئیڈن اورفن لینڈ کی شمولیت کے معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترکی نیٹو کی اوپن ڈور پالیسی کی حمایت کرتا ہے تاہم سوئیڈن اور فن لینڈکو دہشت گردی اور دیگر مسائل پرتعاون کرنا ہوگا، سوئیڈن اور فن لینڈ کےتعاون تک نیٹو میں ان کی شمولیت کو مثبت نظر سے نہیں دیکھیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل نیٹو اسٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ نیٹوکےتمام اتحادی ممالک کے سکیورٹی خدشات کو مد نظر رکھاجائےگا، نیٹومیں کسی بھی مسئلےکےحل کے لیے بات چیت کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ فن لینڈ اور سوئیڈن نے باضابطہ طور پرنیٹو میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے تاہم ترکی فی الحال ان دونوں ممالک کی نیٹو میں شمولیت پر راضی نظر نہیں آرہا، ترکی کو اعتراض ہے کہ دونوں ملک ترکی کے علیحدگی پسند کرد جنجگوؤں کو اپنے ہاں پناہ دیتے ہیں۔

نیٹو اتحاد میں دوسری سب سے بڑی فوج رکھنے والے ترکی کا مؤقف ہےکہ وہ یوکرین پر روسی جارحیت کے اس ماحول میں فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ اتحادکا ممبر بننے کے لیے نیٹو کے موجودہ تمام ممبران کی رضامندی ہونا ضروری ہے۔

مزید خبریں :