کھیل
Time 23 مئی ، 2022

سابق کپتان سلمان بٹ سنگاپور کے کنسلٹنگ ہیڈ کوچ مقرر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کو سنگاپور کرکٹ ٹیم کا کنسلٹنٹ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔—فوٹو: فائل
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کو سنگاپور کرکٹ ٹیم کا کنسلٹنٹ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔—فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کو سنگاپور کرکٹ ٹیم کا  کنسلٹنگ ہیڈکوچ مقرر کردیا گیا ہے۔

فرانسیسی خبررساں ایجسنی اے ایف پی کے مطابق سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن (SCA) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 37 سالہ  پاکستانی کرکٹر کو کنسلٹنگ ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے ۔

رپورٹس کے مطابق سلمان بٹ کا پہلا چیلنج جولائی میں زمبابوے میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کوالیفائر ہوگا جس کے لیے وہ سنگاپورکرکٹ ٹیم کو اپنے تجربے کی بنیاد پر تیار کریں گے۔

سنگاپور کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو سعد خان نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ سلمان بٹ کی صلاحیتیں اور تجربہ سنگاپور کے کھلاڑیوں کو کوالیفائرز میں مدد دے گا۔

واضح رہے کی بائیں ہاتھ کے بیٹر 2003 سے 2010 تک پاکستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے تاہم 2010 میں دورہ انگلینڈ پر اسپاٹ فکسنگ کا اسکینڈل سامنے آیا جس میں اس وقت کے کپتان سلمان بٹ  پر پیسوں کے عوض لارڈز ٹیسٹ کے دوران اپنے فاسٹ بولرز محمد عامر اور محمد آصف سے جان بوجھ کر نو بال کرانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

تاہم تحقیقات کے بعد تینوں کرکٹرز پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ برطانیہ کی ایک عدالت نے انہیں جیل بھیج دیا تھا۔

اگرچہ  تینوں نے اپنی پابندی 2015 میں مکمل کی  لیکن صرف  محمد عامر ہی پاکستانی ٹیم میں اپنی جگہ دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

واضح رہے کہ سلمان بٹ نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 33 ٹیسٹ، 78 ایک روزہ  اور 24 ٹی ٹوئنٹی  انٹرنیشنل میچز کھیلے۔