یہ روایت مت ڈالیں کہ جو ڈرائے دھمکائےگا اسی کے حق میں فیصلہ دیں، مریم نواز

فوٹو: اسکرین گریب/جیو نیوز
فوٹو: اسکرین گریب/جیو نیوز 

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ عوام نے عمران کو زناٹےدار تھپڑ مارا جس کی گونج ہرجگہ سنائی دی، اداروں سے ادب سےگزارش ہے فتنےکے ہاتھ مضبوط نہ کریں، یہ روایت مت ڈالیں کہ جو ڈرائے دھمکائےگا اسی کے حق میں فیصلہ دیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ کشمیری رہنمایاسین ملک کی سزاکی شدید مذمت کرتی ہوں، آزادی کے جذبےکو نہ عمرقید ہوسکتی ہے نہ اسے پھانسی چڑھایا جاسکتاہے، آج پوری قوم کی توجہ کشمیرپر اور یاسین ملک پر ہونی چاہیے تھی، مشعال ملک نے 2 دن پہلے رو روکر اپیل کی تھی کہ لانگ مارچ کو 2 دن آگے کردیں، لیکن عمران خان نے کان نہیں دھرے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک زندہ لاش ہے، پنجاب میں تبادلےکروڑوں روپے لےکر فرح گوگی کراتی رہی، یہ پیسے بنی گالا جاتے رہے، مسلم لیگ ن کا مینڈیٹ چھیننےکا بدلہ آج پنجاب نےلیا، آج قوم کے زناٹےدار تھپڑ کی گونج سنائی دے رہی ہے۔

نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اورحکومت سےگزارش کی تھی کہ عمران خان کو نہ پکڑا جائے، قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ بروقت فتنے کو پہچان کر روکا، سپریم کورٹ کےفیصلے میں ان کےلیے محفوظ راستہ تھا، سپریم کورٹ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ بے امنی نہیں ہوگی لیکن ابھی حکم کی سیاہی خشک نہیں ہوئی تھی کہ انہوں نے فیصلےکی دھجیاں اڑائیں، انہوں نےڈی چوک پر گرین بیلٹ کوآگ لگائی، املاک کو نقصان پہنچایا، ہم توپہلے ہی کہہ رہےتھےکہ یہ فساد ہے، فتنہ ہے، اسے روکا جائے، آج سپریم کورٹ نے دیکھا ہوگا کہ کس طرح ان کےاحکامات کوپاؤں تلے روندا گیا، عمران خان کہہ رہے ہیں کہ وہ ڈی چوک جائیں گے، عمران خان اداروں پر شرمناک حملے کر رہےہیں، یہ شخص ہر قیمت پر فتنہ و فساد چاہتا ہے، یہ روایت مت ڈالیں کہ جو ڈرائے دھمکائےگا اسی کے حق میں فیصلہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  یہ شخص کبھی بھی اپنے محسن کو ڈسے بغیر نہیں رہ سکتا، اسٹیبلشمنٹ نے انگلی پکڑ کرکرسی پربٹھایا تو انہی پر شرمناک حملےکر رہا ہے، ماجد خان سے علیم خان تک عمران خان نے بے وفائی کی، اداروں کو ادب سےگزارش کررہی ہوں فتنےکے ہاتھ مضبوط نہ کریں ، اس نے پوری دنیا کے سامنے اپنے آپ کو بے نقاب کر دیا ہے، اس قسم کے فتنےکو فیڈ نہیں کرنا چاہیے، اس طرح ڈیل کرنا چاہیے جس طرح قرآن پاک نے حکم دیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 122ارب روپےکاایل این جی کا بہت بڑا اسکینڈل ہے، جوعثمان بزدار نے پنجاب میں تباہی مچارکھی تھی، ان تمام معاملات کو حکومت دیکھ رہی ہے، سارے ڈاکے اور چوریاں عوام کے سامنے لےکر آئیں گے، دو روز قبل تین پی ٹی آئی رہنما حکومت سے ملنے آئے، ان کی باتوں کا لب لباب یہ تھا کہ سیف ایگزٹ دیں، انہوں نے کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پرڈیل کی درخواست کی، آج بھی ان کے رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا ہے۔

مزید خبریں :