مظاہرین سپریم کورٹ کے فیصلے کو ڈھال بنا کر اسلام آباد میں داخل ہو رہے ہیں، رانا ثنا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے مظاہرین سپریم کورٹ کے فیصلے کو ڈھال بنا کراسلام آباد شہر میں داخل ہو رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ اٹارنی جنرل اور ان کی ٹیم نے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے اور انہیں بتایا ہے کہ پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومتی ٹیم نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنے تھے مگر اس سے پہلے ہی پی ٹی آئی نے ڈی چوک آنے کا اعلان کر دیا۔ 

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان ’حقیقی آزادی‘ لانگ مارچ کیلئے صوابی سے قافلے کی صورت میں اسلام آباد پہنچ گئے۔

عمران خان نے حسن ابدال میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ عوام کا سمندر لے کر ڈی چوک آرہے ہیں، میرے ساتھ عوام کا سمندر ڈی چوک آ رہا ہے ، حکومت جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں دےگی وہاں سےنہیں جائیں گے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف ڈی چوک پر آکر الیکشن کے اعلان تک دھرنا دینا چاہتی ہے جبکہ حکومت چاہتی ہے کہ پی ٹی آئی جلسہ کرکے واپس چلی جائے دھرنے پر نہ بیٹھے۔

اس معاملے پر سپریم کورٹ آف پاکستان نے  بدھ کے روزپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایچ نائن کے گراؤنڈ میں جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دیا ۔

پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ایسا پلان دیں کہ مظاہرین پرامن طریقے سے آئیں اور احتجاج کے بعد گھروں کو لوٹ جائیں، یہ نہ ہو جلسے کے بعد فیض آباد یا موٹروے بند کر دی جائے۔

مزید خبریں :