وزیراعلیٰ پنجاب کا پنجاب پولیس کے اہلکار شہباز کو خراج تحسین

شہباز آپ نے جس صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا وہ لائق تحسین ہے: حمزہ۔ فوٹو: فائل
شہباز آپ نے جس صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا وہ لائق تحسین ہے: حمزہ۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران خاتون کی سخت زبان درازی پر صبر کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران ایک خاتون کی جانب سے پولیس اہلکار شہباز سے بدزبانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، وائرل ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ خاتون، پولیس اہلکار کو گالیاں دے رہی ہے لیکن پولیس کانسٹیبل بغیر کچھ کہے خاموشی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

پولیس کانسٹیبل کے اس رویے پر شہریوں نے بھی شہباز کے صبرو تحمل کی داد دی جبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے انہیں سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا۔

اس معاملے پر پنجاب پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی گئی تھی جسے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے بھی ری ٹوئٹ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ شہباز آپ نے جس صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا وہ لائق تحسین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی تعریف کے مستحق ہیں جنہوں نے نفرت اور اشتعال انگیز ماحول میں بھی اپنی ڈیوٹی اور تربیت کا دامن نہیں چھوڑا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ڈی چوک کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران فرائض انجام دینے والے اداروں کے جوانوں اور اہلکاروں سے ملاقات کر کے ان کا حوصلہ بڑھایا تھا اور انہیں داد بھی دی تھی۔

مزید خبریں :