نگراں جج لگانے کی بات کرنیوالے عدالت کو ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، طلال

اسلام آباد آنے کی دھمکی دینے والے کو ابھی ویکسین کی ڈوز دی ہے، دوبارہ آئیں گے تو بوسٹر ڈوز دیں گے، رہنما ن لیگ— فوٹو: فائل
اسلام آباد آنے کی دھمکی دینے والے کو ابھی ویکسین کی ڈوز دی ہے، دوبارہ آئیں گے تو بوسٹر ڈوز دیں گے، رہنما ن لیگ— فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن)  کے رہنما طلال چوہدری نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو نگراں جج لگانے کی بات کرنے والے عدالت کو ڈکٹیٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اپنی خواہشات سپریم کورٹ کے کندھے پر رکھ کر پوری کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا انقلاب اتنا کمزور تھا کہ آنسو گیس کے آگے ٹھہر نہیں سکا۔

طلال چوہدری کا کہنا تھاکہ بار بار اسلام آباد آنے کی دھمکی دینے والے کو ابھی ویکسین کی ڈوز دی ہے، دوبارہ آئیں گے تو بوسٹر ڈوز دیں گے، بوسٹر ڈوز کے بعد وہ کبھی اسلام آباد آنے کا نام نہیں لیں گے۔

خیال رہے کہ پشاور میں تقریب سے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ شریفوں کے کیسز کی مانیٹرنگ سپریم کورٹ خود کرے، مانیٹرنگ جج لگائے، بڑے بڑے مگر مچھوں کو سزا نہیں دینی تو ملک کی جیلیں کھول دیں، زرداری اور شریف جیسےخاندان منی لانڈرنگ کرکے پیسا باہر بھیج رہے ہیں، صرف مقصود چپڑاسی کے پاس 4 ارب روپے تھے،سارے غریب ممالک میں نواز شریف اور زرداری جیسے چور بیٹھے ہوئے ہیں، یہ رولز آف لاء کی دھجیاں اڑائیں گے، اگریہ لوگ بیٹھ گئے تو ملک کی تباہی ہوگی۔

مزید خبریں :