منشیات کیس: شردھا کپور کے بھائی ضمانت پر رہا

معروف بالی وڈ اداکار شکتی کپور کے بیٹے اور اداکارہ شردھا کپور کے بھائی سدھانت کپور کو منشیات کیس میں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔—فوٹو: فائل
معروف بالی وڈ اداکار شکتی کپور کے بیٹے اور اداکارہ شردھا کپور کے بھائی سدھانت کپور کو منشیات کیس میں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔—فوٹو: فائل

معروف بالی وڈ اداکار شکتی کپور کے بیٹے اور اداکارہ شردھا کپور کے بھائی سدھانت کپور کو منشیات کیس میں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 12 جون اتوارکی شب سدھانت بنگلورو کے ایک ہوٹل میں ہونے والی پارٹی میں شریک تھے جہاں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے چھاپا مارا، چھاپے کے دوران سدھانت کو مبینہ طور پر منشیات لیتے دیکھا گیا جس کے بعد انہیں پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

مقامی پولیس کے مطابق پارٹی میں شریک مجموعی طور پر 35 افرادکے ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سے 5 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے جس کا مطلب تھا کہ انہوں نے منشیات کا استعمال کیا ہے اور سدھانت ان ہی 5 لوگوں میں شامل تھے۔

تاہم پیر کے روز سدھانت اور دیگر 4 گرفتار ملزمان کو پولیس کی جانب سے ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  بنگلورو کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کا کہنا ہے کہ سدھانت کپور اور دیگر چاروں ملزمان کو  بلائے جانے پر پولیس کے سامنے مزید پیش ہونا پڑے گا۔

واضح رہے کہ سدھانت کپور کئی نامور فلموں میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کرچکے ہیں جن میں ’چھپ چھپ کے‘ اور ’بھاگم بھاگ‘ سر فہرست ہیں۔

مزید خبریں :