پاکستانی 11 ماہ میں 58 کروڑ 9 لاکھ ڈالرز کی چائے پی گئے

گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات میں 11.93 فیصد اضافہ ہوا/ فائل فوٹو
گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات میں 11.93 فیصد اضافہ ہوا/ فائل فوٹو

پاکستان  نے جولائی تا مئی 8 ارب 45 کروڑ 7 لاکھ ڈالرز کی کھانے پینے کی اشیا درآمد کیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے رواں سال کھانے پینے کی اشیاء کی درآمدات میں 11.93 فیصد اضافہ ہوا۔

پاکستانی جولائی2021 سے مئی2022 یعنی 11 ماہ کے دوران 58کروڑ 9 لاکھ ڈالرزکی چائے پی گئے ،3 ارب 40 کروڑ 61 لاکھ ڈالرز سے زائد کا پام آئل،  56 کروڑ 74 لاکھ 95 ہزار ڈالرز کی دالیں کھاگئے۔

اس کے علاوہ 19 کروڑ 14 لاکھ 55 ہزار ڈالرز کی چینی اور 20 کروڑ 26 لاکھ 69 ہزار ڈالرز کے مصالحہ جات درآمد کیے گئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق 10 ارب 33 کروڑ 32 لاکھ ڈالرز کی مشینری درآمد کی گئی اور خام صنعتی مال کے علاوہ لگژری مصنوعات کی درآمدات میں بھی اضافہ ہوا ۔

جولائی تا اپریل ایک ارب 94 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز کے موبائل فون درآمد کیے گئے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 4 اعشاریہ 62 زیادہ ہیں، ایک کروڑ 98 لاکھ ڈالرز کا سونا در آمد کیا گیا، سونے کی درآمدات میں سالانہ بنیاد پر 123 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

رپورٹ کے مطابق 19 ارب 67 کروڑ 94 لاکھ ڈالرز کی پیٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں جب کہ ٹیکسٹائل شعبہ کی درآمدات کا حجم 4 ارب 37 کروڑ 92 لاکھ ڈالرز رہا، جولائی تا مئی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 4 ارب 7 کروڑ 42 لاکھ ڈالرز کی درآمد ات کی گئیں جن میں 57 کروڑ 83 لاکھ ڈالرز کی سی بی یو کاریں شامل ہیں۔