دنیا
Time 19 جون ، 2022

یونین میں شمولیت کیلئے پہلی بار امریکا میں ایپل ملازمین کی ووٹنگ

بالٹی مور کے ایپل اسٹور کے ملازمین نے یونین میں شمولیت کا فیصلہ کیا / رائٹرز فوٹو
بالٹی مور کے ایپل اسٹور کے ملازمین نے یونین میں شمولیت کا فیصلہ کیا / رائٹرز فوٹو

ایپل کے ایک ریٹیل اسٹور کے ملازمین نے ورکرز یونین کا حصہ بننے کی منظوری دے دی ہے۔

امریکا میں ایپل کے کسی بھی ریٹیل اسٹور میں پہلی بار  ورکرز یونین کا حصہ بننے کے لیے ووٹنگ ہوئی اور لگ بھگ دوتہائی ملازمین نے اس کے حق میں ووٹ دیا۔

بالٹی مور کے ایپل اسٹور کے 65 ملازمین نے انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف مرچنٹس اینڈ ایرو اسپیس (آئی اے ایم) میں شمولیت کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 33 نے اس کی مخالفت کی۔

ووٹنگ کے بعد جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق ایپل اسٹور کے ملازمین نے کولیشن آف آرگنائزڈ ریٹیل ایمپلائیز (کور) کو تشکیل دیا ہے، جس کے لیے ہمیں اپنے ساتھیوں کی جانب سے ٹھوس سپورٹ ملی۔

بیان کے مطابق یونین میں شمولیت کا مقصد کمپنی کے خلاف کام کرنا نہیں۔

دوسری جانب ایپل نے اس حوالے سے کوئی ردعمل ظاہر کرنے سے انکار کیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا کی بڑی کمپنیوں بشمول ایمازون میں حالیہ مہینوں میں یونینز کے قیام کی کوششیں تیز ہوئی ہیں۔

ایپل ملازمین کے مطابق انہوں نے کمپنی کے سی ای او ٹم کک کو مئی میں ایک نوٹس بھیج کر آئی اے ایم میں شمولیت کے بارے میں بتایا تھا جس کا مقصد ان حقوق کا حصول یقینی بنانا ہے جو ان کو ابھی حاصل نہیں۔

اس سے قبل اٹلانٹا کے ایپل اسٹور کے ملازمین نے گزشتہ ماہ یونین کا حصہ بننے کی کوششوں سے دستبرداری اختیار کی تھی اور اس کی وجہ کمپنی کی جانب سے مخالفانہ اقدامات کو قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :