دنیا
19 جون ، 2022

2022 کیلئے دنیا کے بہترین ائیرپورٹ کا اعزاز ایک مسلم ملک کے نام

یہ ائیر پورٹ مسلسل دوسرے سال دنیا کا بہترین ہوائی اڈہ قرار پایا ہے / رائٹرز فوٹو
یہ ائیر پورٹ مسلسل دوسرے سال دنیا کا بہترین ہوائی اڈہ قرار پایا ہے / رائٹرز فوٹو

روزانہ کروڑوں افراد فضائی سفر کرتے ہیں، جس کے دوران انہیں ائیر پورٹ پر وقت گزارنے کا تجربہ بھی ہوتا ہے۔

کچھ ہوائی اڈے ان کو پسند نہیں آتے، کچھ اوسط درجے کے لگتے ہیں اور کچھ ان کو دلوں میں جگہ بنالیتے ہیں۔

مگر دنیا کا بہترین ائیر پورٹ ایسا ہے جہاں کئی گھنٹے گزار کر بھی لوگوں کا دل کرتا ہے کہ مزید کچھ وقت تک قیام کیا جائے۔

اسکائی ٹریکس نامی ایئرلائن کنسلٹنگ گروپ نے 2022 کے لیے دنیا کے بہترین ائیر پورٹس کی سالانہ فہرست جاری کی ہے، جس میں ایک مسلم ملک کا ائیر پورٹ نمبرون رہا ہے۔

حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ 2014 میں تعمیر ہوا تھا / رائٹرز فوٹو
حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ 2014 میں تعمیر ہوا تھا / رائٹرز فوٹو

دنیا بھر کے 550 سے زیادہ ائیر پورٹس میں دستیاب سہولیات جیسے ٹرمینل لے آؤٹ،  وائی فائی کی دستیابی اور ریسٹورنٹس وغیرہ کے حوالے سے عوامی رائے کو مدنظر رکھ کر یہ فہرست مرتب کی گئی ہے۔

فہرست کے مطابق قطر کے شہر دوحہ میں واقع حماد انٹرنیشنل ائیر پورٹ مسلسل دوسرے سال دنیا کا بہترین ہوائی اڈہ قرار پایا ہے۔

اس سے قبل سنگاپور کا چانگی ائیر پورٹ مسلسل 8 سال تک دنیا کا بہترین ائیر پورٹ قرار پایا تھا جس سے یہ اعزاز 2021 میں حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے چھین لیا تھا۔

سنگاپور کا چانگی ائیر پورٹ / رائٹرز فوٹو
سنگاپور کا چانگی ائیر پورٹ / رائٹرز فوٹو

قطر کا یہ ائیر پورٹ 2014 میں تعمیر ہوا تھا اور اب مشرق وسطیٰ میں بین الاقوامی ٹرانزٹ پوائنٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔

6 لاکھ اسکوائر میٹر پر پھیلی اس کی عمارت میں ایک ہی ٹرمینل ہے جس کو 5 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، مگر اس کی توسیع پر کام جاری ہے۔

حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی توسیع پر کام جاری ہے / رائٹرز فوٹو
حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی توسیع پر کام جاری ہے / رائٹرز فوٹو

فہرست کے مطابق دنیا کے 20 بہترین ائیر پورٹس میں سے 10 ایشیا اور 10 یورپ میں واقع ہیں اور حیران کن طور پر امریکا کا کوئی ہوائی اڈہ اس میں موجود نہیں۔

درحقیقت دنیا کے 5 سب سے بہترین ائیر پورٹس ایشیا سے تعلق رکھتے ہیں۔

فہرست کے مطابق حماد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کے بعد دوسرا نمبر ٹوکیو انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے نام رہا۔

ٹوکیو ائیر پورٹ کا ایک منظر / رائٹرز فوٹو
ٹوکیو ائیر پورٹ کا ایک منظر / رائٹرز فوٹو

تیسرے پر سنگا پور کا چانگی ائیر پورٹ ہے، چوتھے پر ٹوکیو کا ناریتا ائیر پورٹ جبکہ جنوبی کوریا کا انچیون ائیرپورٹ 5 ویں نمبر پر رہا۔

پیرس کا چارلس ڈیگال ائیر پورٹ چھٹے نمبر پر رہا جس کے بعد جرمنی کا میونخ ائیر پورٹ 7 واں بہترین ہوائی اڈہ قرار پایا۔

استنبول ائیر پورٹ 8 ویں، زیورخ ائیر پورٹ 9 ویں اور جاپان کا کانسائی ائیرپورٹ 10 ویں نمبر پر رہا۔

مزید خبریں :

Notification Management


پاکستان
دنیا
کاروبار
کھیل
انٹرٹینمنٹ
صحت و سائنس
دلچسپ و عجیب

ڈیسک ٹاپ نوٹیفکیشن کے لیے سبسکرائب کریں
Powered by IMM