چند سیکنڈ ایک ٹانگ پر کھڑے نہیں رہ سکتے؟ تو اس کا نتیجہ جان لیں

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

اگر آپ کو ایک ٹانگ پر کھڑے ہونے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے تو یہ محض جسمانی فٹنس میں کمی نہیں بلکہ کسی سنگین طبی مسئلے کی ایک نشانی بھی ہوسکتی ہے۔

درمیانی عمر کے افراد اگر ایک ٹانگ پر 10 سیکنڈ تک توازن برقرار نہ رکھ سکیں تو اگلے 10 برسوں میں کسی بھی بیماری سے موت کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں لگ بھگ دگنا زیادہ ہوتا ہے۔

یہ دعویٰ بین الاقوامی طبی ماہرین کی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، فن لینڈ اور برازیل کے ماہرین نے 12 سال تک جسمانی توازن اور موت کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ یہ تحقیق مشاہداتی تھی اور کسی وجہ کا تعین تو نہیں ہوسکا مگر نتائج چونکا دینے والے تھے۔

برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسین میں شائع تحقیق میں 51 سے 75 سال کی عمر کے 1702 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کی صحت کا جائزہ 2008 سے 2020 تک لیا گیا۔

تحقیق کے آغاز میں ان رضاکاروں کو بغیر سہارے 10 سیکنڈ تک ایک ٹانگ پر کھڑا ہونے کے لیے کہا گیا۔

اس موقع پر  ہر 5 میں سے ایک فرد (21 فیصد) ٹیسٹ میں ناکام رہا، آئندہ 10 برسوں میں اس گروپ کے 123 افراد مختلف وجوہات کے باعث انتقال کرگئے۔

تمام تر عناصر (عمر، جنس اور پہلے سے کسی بیماری سے متاثر ہونا وغیرہ) کو مدنظر رکھنے کے بعد محققین نے دریافت کیا کہ ایک ٹانگ پر 10 سیکنڈ تک کھڑے رہنے میں ناکامی سے آئندہ چند برسوں میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 84 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ماضی میں جسمانی توازن پر ہونے والے تحقیقی کام میں بتایا گیا تھا کہ ایک ٹانگ پر توازن برقرار رکھنے میں ناکامی فالج کے خطرے کا عندیہ دیتی ہے۔

اسی طرح توازن برقرار نہ رکھ پانے والے افراد میں ذہنی تنزلی کا خطرہ بھی زیادہ دریافت ہوا ہے۔

اس نئی تحقیق میں شامل ماہرین نے کہا کہ ان نتائج کو دیکھتے ہوئے ہمارا مشورہ ہے کہ درمیانی عمر کے افراد کے معمول کے طبی معائنے میں توازن کے ٹیسٹ کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔

مسلز کی مضبوطی اور جسمانی لچک کے برعکس جسمانی توازن زندگی کی چھٹی دہائی تک درست رہتا ہے، جس کے بعد اس میں تنزلی آنے لگتی ہے۔

مگر ابھی جسمانی توازن کو صحت کے معائنے کے لیے استعمال نہیں کیا جاتا کیونکہ اس کے حوالے سے کوئی ٹیسٹ موجود نہیں۔

مزید خبریں :