پی ٹی آئی حکومت نے سستی ایل این جی نہیں خریدی جس سے لوڈشیڈنگ بڑھ گئی، اعظم نذیر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑکا کہنا ہےکہ  پچھلی حکومت نے توانائی کے معاہدے نہ کرکے ملک کے ساتھ زیادتی کی، لوڈشیڈنگ اس لیے بڑھی کہ ایل این جی 4 ڈالرز  میں سستی خریدی نہیں گئی۔

سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں کہ معاشی تباہی راتوں رات نہیں ہوئی،کہاں تک سنائیں کہ پچھلی حکومت میں کیا کیا کھلواڑ ہوئے،گزشتہ حکومت میں سرکاری ملازمین نے فیصلے کرنا چھوڑ دیے تھے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ  اتحادی حکومت نے ریاست کو ترجیح دی جب کہ پچھلی حکومت نے سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں کیا، اتحادی حکومت نے ریاست کے لیے مشکل اور غیر مقبول فیصلےکیے، غیر مقبول فیصلوں کےکانٹے یہ بچھا کرگئے تھے۔

وفاقی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ڈالر نے پرواز اس لیے پکڑی کیوں کہ بارودی سرنگیں پھٹنا شروع ہوئیں، سابقہ دور میں پیپرا رولز کے خوف سے اربوں ڈالرز کے سودے نہیں کیے گیے، موجودہ حکومت نے جرت مندانہ فیصلے کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے امیر پر اور  زیادہ ٹیکس لگایا، پرتعیش چیزوں پر ٹیکس لگائےگئے، پیٹرول کی مد میں 110 سے 120 ارب روپیہ ماہانہ دیا جا رہا تھا،موجودہ حکومت نے سابقہ معاہدوں کے کڑوے گھونٹ پیے۔

مزید خبریں :