وزیراعظم کا افغان عبوری وزیراعظم کوفون، زلزلے کی تباہ کاریوں پر اظہارِ افسوس

پاکستان اس مشکل گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے: وزیراعظم شہباز شریف کی افغانستان کے عبوری وزیراعظم سے گفتگو/ فائل فوٹو
پاکستان اس مشکل گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے: وزیراعظم شہباز شریف کی افغانستان کے عبوری وزیراعظم سے گفتگو/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم کو فون کرکے زلزلے میں ہونے والی تباہ کاریوں اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز  شریف نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا محمد  حسن اخونزادہ کو ٹیلی فون کیا جس میں انہوں نے زلزلے میں جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کے لیے صحت یابی کی دعا کی۔

افغانستان کے عبوری وزیراعظم سے گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، غلام خان، انگور اڈہ اور بارڈر کراسنگ پوائنٹس کوافغان زخمیوں کےلیے کھول دیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بھی پاکستان افغانستان کی مدد جاری رکھے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے عبوری افغان حکومت کو مؤثر سرحدی انتظام کے ذریعے تجارت آسان بنانے کے ساتھ لوگوں کی آمدورفت آسان بنانے  کے اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم کاکہنا تھا کہ پاکستان امن، خوشحالی کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید خبریں :