دنیا
Time 24 جون ، 2022

امریکی سینیٹ میں کئی دہائیوں بعد پہلے گن کنٹرول بل کی منظوری

اس بل کی حمایت ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز اراکین نے کی / رائٹرز فوٹو
اس بل کی حمایت ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز اراکین نے کی / رائٹرز فوٹو

امریکی سینیٹ نے گن کنٹرول بل کی منظوری دے دی ہے جو اسلحے کی روک تھام کے حوالے سے 3 دہائیوں میں اب تک کی سب سے اہم قانون سازی ہے۔

امریکی سینیٹ کے 66 اراکین نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا جبکہ 33 نے اس کی مخالفت کی۔

ڈیموکریٹ پارٹی کے 51 اور ری پبلکن پارٹی کے 15 اراکین نے اس بل کے حق میں ووٹ دیا۔

یہ بل اس وقت منظور ہوا ہے جب مئی میں نیویارک کے علاقے بفیلو اور ٹیکساس کے علاقے Uvalde میں فائرنگ کے واقعات میں 31 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اب اس بل کو کانگریس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا جس کے بعد صدر جو بائیڈن کے دستخط سے یہ قانون بن جائے گا۔

سینیٹ میں بل کی منظوری کے بعد صدر جو بائیڈن کی جانب سے جاری بیان میں کانگریس پر زور دیا گیا کہ اس بل پر ووٹنگ کو اولین ترجیح دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 28 سال کی کوششوں کے بعد سینیٹ کے اراکین نے اکٹھے ہوکر اس بل کی منظوری دی جو اسلحے کی بھرمار کے باعث ہونے والے تشدد کی روک تھام کرے گا۔

کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ اس بل کو ایوان سے جلد از جلد منظور کرایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کل صبح پہلا کام قوانین کی کمیٹی کا اجلاس ہوگا تاکہ اس قانون سازی کو ایوان تک پہنچایا جاسکے۔

اس بل میں اسلحہ خریدنے کے خواہشمند 21 سال سے کم عمر افراد کی شخصیت کی کڑی جانچ پڑتال کی جائے گی جبکہ اسکولوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے اور نوجوانوں کی ذہنی صحت کے پروگرامز کے لیے 15 ارب ڈالرز مختص کیے جائیں گے۔

اسی طرح امریکی ریاستوں سے ایسے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا کہا جائے گا جن کے تحت خطرہ تصور کیے جانے والے افراد سے اسلحہ واپس لیا جائے گا۔

قانون کے تحت ایسے افراد کو بھی اسلحہ خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی جو گھریلو تشدد کے واقعات میں سزا کاٹ چکے ہوں گے۔

یہ قانون اس لیے بھی اہم قرار دیا جارہا ہے کیونکہ کئی دہائیوں بعد پہلی بار مجوزہ اصلاحات کے لیے ڈیموکریٹس اور ری پبلکن اراکین دونوں کی جانب سے اس کی سپورٹ کی گئی ہے۔

مزید خبریں :