کھیل
Time 26 جون ، 2022

فیفا ورلڈکپ قطر 2022 کےلوگو والی نمبر پلیٹ کے غیر قانونی استعمال پر پابندی عائد

فٹبال کا یہ عالمی میلہ 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر میں جاری رہے گا. فوٹو: فیفا آفیشل
فٹبال کا یہ عالمی میلہ 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر میں جاری رہے گا. فوٹو: فیفا آفیشل

قطر نے فٹبال کے عالمی کپ  'فیفا ورلڈکپ 2022' کے لوگو  والی مخصوص نمبر پلیٹوں کے اجراء کے بعد اپنے شہریوں کو گاڑیوں پر غیرقانونی نمبر پلیٹوں کے استعمال سے روک دیا ہے۔

قطری وزارت داخلہ کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک پیغام میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں پر ‘فیفا ورلڈکپ قطر 2022’ کا لوگو نقل کرکے چسپاں کرنا منع ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ٹوئٹ میں مزیدکہا گیا ہےکہ گاڑیوں کی ایسی نمبر پلیٹیں جن پر ورلڈکپ کا لوگو چھپا ہوا ہے، فیفا سے طے شدہ شرائط کی بنیاد پر خاص نیلامی کے ذریعے جاری کی گئی ہیں۔

قطری حکام کی جانب سے رواں برس مئی میں ‘فیفا ورلڈکپ قطر 2022’ لوگو والی 50 نمبر پلیٹوں کی نیلامی کی گئی تھی جن میں سب سے مہنگی  نمبرپلیٹ 18لاکھ قطری ریال (494،000 ڈالرز) میں فروخت ہوئی تھی۔

قطری حکام کے مطابق گذشتہ ماہ پیشگی اجازت کے بغیر ‘فیفا ورلڈکپ قطر 2022’ کے لوگو والے کپڑے فروخت کرنے والے پانچ افراد کو  بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

خیال رہےکہ فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا اور قطر رواں برس ‘فیفا ورلڈکپ قطر 2022’ کی میزبانی کر رہے ہیں، فٹبال کا یہ عالمی میلہ 21 نومبر سے 18 دسمبر تک قطر میں جاری رہے گا۔

مزید خبریں :