4 دہائیوں کے کیرئیر میں پہلی بار ٹام کروز کی فلم ایک ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب

یہ فلم 27 مئی کو ریلیز ہوئی تھی اور ایک ماہ میں ایک ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب ہوگئی / اسکرین شاٹ
یہ فلم 27 مئی کو ریلیز ہوئی تھی اور ایک ماہ میں ایک ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب ہوگئی / اسکرین شاٹ

ہالی وڈ فلم 'ٹاپ گن میورک' دنیا بھر میں ایک ارب ڈالرز کمانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

اس طرح یہ ٹام کروز کی پہلی فلم بن گئی ہے جو ایک ارب ڈالرز کے سنگ میل کو حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور مجموعی طور پر ایک ارب ڈالرز کلب کی50 ویں فلم ہے۔

ٹام کروز کے کیرئیر کو 4 دہائیوں سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے مگر اب جاکر پہلی بار ان کی کسی فلم نے ایک ارب ڈالرز کے جادوئی ہندسے کو عبور کیا ہے۔

27 مئی کو ریلیز ہونے والی فلم نے شمالی امریکا میں 52 کروڑ 17 لاکھ ڈالرز کمائے جبکہ دیگر ممالک میں 48 کروڑ 47 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا۔

کورونا وائرس کی وبا کے بعد سے یہ دوسری فلم ہے جو یہ اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی، اس سے پہلے اسپائیڈر مین نو وے ہوم لگ بھگ 2 سال بعد ایک ارب ڈالرز کمانے والی پہلی فلم بنی تھی۔

ٹاپ گن میورک 1986 میں ریلیز ہونے والی فلم ٹاپ گن کا سیکوئل ہے جو ٹام کروز کے کیرئیر کے لیے بہت اہم ثابت ہوئی تھی۔

اس نئی فلم میں بھی لڑاکا طیاروں کے سانسیں روک دینے والے اسٹنٹس دکھائے گئے ہیں۔

اس سے قبل ٹام کروز کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم 2018 کی مشن امپاسبل فال آؤٹ تھی جس نے 79 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کمائے تھے۔


مزید خبریں :