میکا کی قریبی دوست نے انہیں زور دار تھپڑکیوں مارا ؟ گلوکار نے خود ہی بتادیا

اس واقعے کے بعد میں کافی سنبھل گیا اور وفادار بھی ہوگیا: گلوکار—فوٹو: بھارتی میڈیا
اس واقعے کے بعد میں کافی سنبھل گیا اور وفادار بھی ہوگیا: گلوکار—فوٹو: بھارتی میڈیا

بالی وڈ کے معروف گلوکار میکا سنگھ نے اپنی زندگی کا انتہائی دلچسپ واقعہ مداحوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

حال ہی میں ایک رئیلیٹی شو کے دوران میکا سنگھ نے اپنے ماضی کے تعلقات سے متعلق  انکشافات کیے، انہوں نے بتایا کہ مجھے تین مرتبہ لڑکیوں سے محبت ہوئی، میں انہیں بالکل سنجیدہ نہیں لیتا تھا لیکن میرے تیسرے تعلق نے مجھے محبت کے اصل معنی سِکھائے۔

میکا سنگھ نےکہا کہ 'جب میری مقبولیت میں اضافہ ہوا تو کئی لڑکیوں نے مجھ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی، ان ہی میں سے ایک میری بہت بڑی مداح تھی جس کی خوبصورتی پر میں فدا ہوگیا'۔

گلوکار نے بتایا کہ 'ہماری کافی اچھی دوستی ہوگئی تھی، میں نے اس سے شادی اور گھر دلانے کا وعدہ کیا تھا، ہم نے بچوں کے نام تک سوچ لیے تھے'۔

میکا سنگھ نے اعتراف کیا کہ 'میں اس وقت کافی فلرٹ کرنے والا انسان تھا، فون پر  دو اور لڑکیوں سے بھی بات کرتا تھا، میں نے ان کے نام راکیش اور راجیش کے نام سے سیو کر رکھے تھے '۔

انہوں نے بتایا 'ایک دن وہ مداح میرے گھر آئی تو راکیش کا مسلسل فون آرہا تھا، اس نے مجھ پر زور دیا کہ میں اسپیکر آن کرکے فون اٹھاؤں، میں نے جیسے ہی فون اٹھایا اس نے مجھے زوردار تھپڑ رسید کیا جس کے بعد مجھے رشتوں کی قدر آئی '۔

گلوکار نے بتایا کہ 'اس واقعے کے بعد میں کافی سنبھل گیا اور وفادار بھی ہوگیا، مجھے احساس ہوا کہ اگر کوئی لڑکی اکیلے میں تھپڑ مار سکتی ہے تو وہ بھری محفل میں بھی مار سکتی ہے'۔

میکا سنگھ نے مزید کہا کہ 'بعدازاں اس لڑکی کی کہیں اور شادی ہوگئی، میں اس سے محبت کرنے لگا تھا لیکن پھر اس کی شادی پر بھی گیا اور اپنے ہی گانوں پر خوب ناچا'۔

مزید خبریں :