11 دن سے لاپتہ بچہ گٹر سے زندہ مل گیا

فوٹو:اے پی
فوٹو:اے پی

جرمنی میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جہاں 11 دن سے لاپتہ بچہ سڑک پر موجود گٹر سے زندہ مل گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 17 جون کو جرمنی کے شہر اولڈن برگ کا رہائشی 8 سالہ 'جو 'اپنے گھر کے سامنے والے باغ سے لاپتہ ہوا،جس کے بعد والدین کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی اور پولیس نے بچے کی تلاش شروع کردی۔

تاہم کئی دن گزرجانے کے بعد پولیس تو بچے کو ڈھونڈنے میں ناکام رہی البتہ ایک راہ گیر نے سڑک پر موجود گٹر  کے قریب سے ہلکی ،ہلکی آوازیں  سنی جس کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کو طلب کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکارجو کے گھر سے تقریباً 200 میٹر کے فاصلے پر جائے وقوعہ پر پہنچے ،جب انہوں نے گٹر کا ڈھکن اٹھایا تو انہیں 8 سالہ بچہ  زندہ حالت میں ملا۔

 گٹر میں گرنے کے باعث ہائپوتھرمیا( ایسی حالت جس میں انسان کے جسم کا درجہ حرارت تیزی سے کم ہوجاتا ہے)  میں مبتلا  بچے کو  فوراً اسپتال لے جایا گیا،جہاں اس کی حالت بہتر ہے ۔ اس کے علاوہ اس کے جسم پر کوئی زخموں کی نشانات نہیں تھے۔

دوسری جانب پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے کہ جو گٹر میں خود گرا یا اسے کسی نے گرایا؟

پولیس کے مطابق 8 سالہ بچہ خود سے گٹر کا اتنا بھاری ڈھکن نہیں اٹھا سکتا جبکہ یہ بھی خیال کیا جارہا ہے کہ جو  کسی اور جگہ پر گرا ہو اور پانی کے ذریعے اس گٹر کے مقام پر پہنچ گیا ہو۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اب پورے سیوریج سسٹم کا کیمروں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :