بھائی کو منانے کیلئے بہن نے 434 میٹر لمبا خط لکھ دیا

فوٹو:بھارتی میڈیا
فوٹو:بھارتی میڈیا

بھارتی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی ایک بہن نے اپنے بھائی کو منانے کے لیے 434 میٹر لمبا خط لکھ دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشنا پریا، جو پیشے کے لحاظ سے ایک انجینیئر ہیں ورلڈ برادرز ڈے(بھائی کے عالمی دن) کے موقع پر اپنے بھائی کو مبارکباد دینا بھول گئی  تھیں۔

تاہم اپنی غلطی کو سدھارنے کیلئے انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی کو 434 میٹر لمبا خط لکھا ڈالا۔

اطلاعات کے مطابق پریا کے  21 سالہ بھائی پراساد نے بہن کی جانب سے مبارک باد نہ دینے پر انہیں واٹس ایپ پر بلاک کردیا تھا۔

پریا کا کہنا ہے کہ میں ہر سال بھائی کے عالمی دن کے موقع پر پراساد کو  کال کرتی ہوں یا اسے ایک ٹیکسٹ بھیج کر مبارک باد دیتی ہوں لیکن میں اس سال اپنی مصروفیت کی وجہ سے  بھول گئی۔

تاہم اپنی غلطی کو مانتے ہوئے بھائی کو منانے کیلئے میں نے 25 مئی کو ایک خط لکھنا شروع کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پریا نے شروع میں A4 سائز کے کاغذ پر لکھنا شروع کیا لیکن انہیں احساس ہوا کہ ان کے پاس کہنے کے لیے اور بھی بہت کچھ ہے۔

پریا کا کہنا ہے کہ مجھے ایک لمبا کاغذ چاہیے تھا جسے خریدنے کیلئے میں  اسٹیشنری کی دکان پر گئی لیکن مجھے بتایا گیا کہ  جو لمبے کاغذی رول  دستیاب ہیں وہ بلنگ پیپرز ہیں۔ تو میں نے 15 رولز خریدے اور 12 گھنٹے میں خط مکمل کیا۔

پریا کے مطابق خط لکھنے کے بعد میرے لیے بڑا چیلنج تھا رولز کو ایک جگہ اکٹھا کرنا کیونکہ ہر رول 30 میٹر لمبا تھا تاہم میں نے  ٹیپ اور گٓم کا استعمال کرتے ہوئے انہیں ایک باکس کے اندر اکٹھا کیا اورپوسٹ آفس لے گئی جہاں اس کا وزن 5.27 کلو گرام نکلا۔

پریا کا کہنا ہے کہ دو دن بعد جب  پراساد کو خط موصول ہوا تو اس نے ابتدا میں اسے سالگرہ کا تحفہ سمجھا،اس نے پارسل اپنے ہاتھ میں لیا اور سوچا کہ میں نے اسے سالگرہ کا تحفہ بھیجا ہے تاہم خط دیکھنے کے بعد وہ الجھن میں پڑ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پریا سب سے طویل خط کے ریکارڈ کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈز میں درخواست دے چکی ہیں۔

واضح رہے کہ 24 مئی کو ورلڈ برادرز ڈے منایا جاتا ہے۔