چینی حکمران جماعت کے مرکزی رہنما کی آرمی چیف سے ملاقات

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیشرفت اورعلاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا— فوٹو: آئی ایس پی آر
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیشرفت اورعلاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا— فوٹو: آئی ایس پی آر

کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی سیاسی بیورو کے رکن اور مرکزی کمیٹی برائے خارجہ امور کے ڈائریکٹر  یانگ جیچی نے راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، سی پیک پر پیش رفت اور علاقائی سلامتی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم اپنی تذویراتی شراکت داری کو بڑھانے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔

چینی مہمان نے پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی اہلکاروں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی اور علاقائی استحکام کی کوششوں کے لیے کیے گئے خصوصی اقدامات پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

مزید خبریں :