بھارتی اداکار جوڑے کو بیٹی سمیت قتل کی دھمکی دینے والا خانساماں گرفتار

بھارتی اداکار جوڑے ماہی وج اور جے بھانوشالی کو بیٹی سمیت قتل کی دھمکی دینے والے خانساماں(کُک)کو گرفتار کرلیا گیا۔ —فوٹو:فائل
بھارتی اداکار جوڑے ماہی وج اور جے بھانوشالی کو بیٹی سمیت قتل کی دھمکی دینے والے خانساماں(کُک)کو گرفتار کرلیا گیا۔ —فوٹو:فائل

بھارتی اداکار جوڑے  ماہی وِج اور  جے بھانوشالی کو  بیٹی سمیت قتل کی دھمکی دینے والے خانساماں(کُک)کو گرفتار کرلیا گیا۔  

بھارتی میڈیا کے مطابق ماہی وج اور جے بھانوشالی نے جمعرات کو پولیس میں شکایت درج کروائی جب ان کے خانساماں نے مبینہ طور پر انہیں اور ان کی دو سالہ بیٹی تارا کو قتل کرنے کی دھمکی دی ۔

ماہی نے جمعرات کو ٹوئٹر پر اپنے ساتھ پیش آئے واقعے  کا ذکر کرتے ہوئے کافی ٹوئٹس کیں لیکن بعد میں اداکارہ نے انہیں ڈیلیٹ کردیا۔

تاہم بعد ازاں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تین دن قبل ایک خانساماں رکھا لیکن  ہمیں شک ہوا کہ وہ خرچے کے پیسے میں چوری کررہا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ جے نے خانساماں سے خرچے کے بل کے حوالے سے حساب کرنا چاہا لیکن اس نے پورے مہینے کا خرچہ لینے کا مطالبہ کیا۔ 

ماہی نے بتایا کہ جب جے نے اس کی وجہ پوچھی تو خانساماں نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے گھر کے باہر 200 افراد کو لے آؤں گا، اس نے نشے میں دھت ہو کر ہمیں گالیاں دینا شروع کیں،جس کے بعد  ہم پولیس  کے پاس گئے۔ 

اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی پرواہ نہیں کہ مجھے کچھ ہو جائے لیکن میں اپنی بیٹی کے لیے خوفزدہ ہوں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے جوڑےکی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے  خانساماں کو گرفتار کیا لیکن بعد میں اسے ضمانت پر رہا بھی کر دیا۔

بظاہر خانساماں کی  رہائی سے ناخوش ادکارہ نے کہا کہ جب ہم پولیس اسٹیشن گئے تو وہ   مجھے فون کرتا رہا۔ ہر طرف جو کچھ ہو رہا ہے اسے دیکھ کر بہت ڈر لگتا ہے۔ اگر اس نے مجھے ماردیا تو کیا ہوگا؟ میں اپنے خاندان کی حفاظت کے لیے خوفزدہ ہوں۔  کیا ہوگا اگر وہ جیل سے باہر آنے کے بعد لوگوں کو لائے اور ہمیں نشانہ بنائے؟

واضح رہے کہ ماہی اور جے دونوں بھارتی ٹیلی وژن کے مشہور اداکار ہیں، دونوں نے کچھ سال ساتھ رہنے کے بعد 2011 میں شادی کی جبکہ  2019 میں  جوڑے کے ہاں بیٹی پیدا ہوئی۔

مزید خبریں :