دنیا
Time 01 جولائی ، 2022

7 عجائبات عالم میں شامل ماچو پیچو کو آتشزدگی سے خطرے کا سامنا

حکام نے آگ پر قابو پانا ناممکن قرار دیا ہے / رائٹرز فوٹو
حکام نے آگ پر قابو پانا ناممکن قرار دیا ہے / رائٹرز فوٹو

دنیا کے 7 عجائبات عالم میں شامل انکا تہذیب کے شہر ماچو پیچو کو جنگلات میں لگنے والی آگ کی وجہ سے بقا کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

جنوبی امریکی ملک پیرو میں واقع ماچو پیچو کو انکا تہذیب کے گمشدہ شہر کے حوالے سے جانا جاتا ہے، جو ڈیڑھ سو سے زائد عمارات پر مشتمل ہے۔

ماچو پیچو کے قریبی جنگلات میں آگ 28 جون کو لگی تھی اور اب تک 49 ایکڑ رقبے پر پھیل چکی ہے جبکہ فائر فائٹرز کو اس پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی حکام کے مطابق اس آگ کا مقابلہ کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ یہ مقام دنیا سے بالکل کٹا ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم 2 دن سے اس آگ سے لڑ رہے ہیں اور اس پر قابو پانا ممکن نہیں کیونکہ یہ علاقہ ناقابل رسائی ہے۔

اس تاریخی مقام کو پہلے بھی آتشزدگی سے خطرے کا سامنا ہوچکا ہے۔

ستمبر 2020 میں فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد ماچو پیچو کے اندر لگی آگ پر قابو پایا تھا۔

خیال رہے کہ ماچو پیچو کی تعمیر کو 500 سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے مگر صدیوں تک یہ مقام لوگوں کی نظروں سے اوجھل رہا۔

ایک تاریخ دان نے 1911 میں اس گمشدہ شہر کو دوبارہ دریافت کیا اور اس وقت سے یہ جنوبی امریکا کے مقبول ترین سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے جہاں ہر سال لاکھوں افراد آتے ہیں۔

2007 میں اسے دنیا کے 7 نئے عجائبات عالم کی فہرست میں بھی عوامی ووٹوں کی بناپر ہی شامل کیا گیا۔

مزید خبریں :