دنیا
02 جولائی ، 2022

امریکا: کنٹینر کے اندر 53 افراد کی موت کیسے ہوئی؟ وجہ سامنے آگئی

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک لاوارث ٹرک سے لاشیں برآمد ہوئی تھیں — تصویر بشکریہ بی بی سی
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک لاوارث ٹرک سے لاشیں برآمد ہوئی تھیں — تصویر بشکریہ بی بی سی

امریکی ریاست ٹیکساس  میں ایک ٹرک کے کنٹینر کے اندر موجود 53 افراد کی ہلاکت کی وجہ سامنے آگئی ہے۔

امریکی عدالتی دستاویزات  کے مطابق گرفتار مشتبہ ٹرک ڈرائیور نے حکام کو بتایا کہ ٹرک کے اندرموجود لوگوں کی ہلاکت گرمی اور دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد مشتبہ ٹرک ڈرائیور ہومیرو زیمورانو اور کرسٹیئن مارٹین سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

زیر حراست شخص مارٹین نے حکام کو بتایا کہ ڈرائیور کو معلوم نہیں تھا کہ ٹرک کے ائیر کنڈیشنر نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور اسی وجہ سے ٹرک کے اندرموجود افراد گرمی اور گھٹن کے باعث موت کا شکار ہوئے۔

ملزمان کرسٹیئن مارٹین اور ہومیرو زیمورانو کو انسانی اسمگلنگ اور سازش کرنے کے الزامات میں جرم ثابت ہونے پر سزائے موت ہو سکتی ہے جبکہ دیگر 2 ملزمان پر آتشیں اسلحہ رکھنے اور غیر قانونی طریقے سے امریکا میں داخل ہونے کے بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق ہلاک شدگان میں 27 میکسیکو، 14 ہنڈیورا، 7 گوئٹے مالا اور 2 سلواڈور کے شہری شامل ہیں جبکہ واقعے میں زندہ بچ جانے والے بچوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

بیکس کاؤنٹی کے میڈیکل ایگزامینر کے مطابق 53 میں سے تاحال  6 افراد کی حتمی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔

میکسیکن حکام کے مطابق ٹرک کے اندر 67  تارکِ وطن مہاجرین سوار تھے جبکہ سان انتونیو حکام کی جانب سے یہ تعداد 64 بتائی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک لاوارث ٹرک سے لاشیں برآمد ہوئی تھیں جس کے بعد شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ نے واقعے کو  میکسیکو اور امریکا کی سرحد پر انسانی اسمگلنگ کا واقعہ قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ سان انتونیو کا علاقہ انسانی اسمگلروں کے لیے ایک اہم روٹ تصور کیا جاتا ہے جو امریکا میں بغیر دستاویزات داخل ہونے والے تارکین وطن کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لیے بڑے بڑے ٹرکوں کا استعمال کرتے ہیں۔

مزید خبریں :

Notification Management


پاکستان
دنیا
کاروبار
کھیل
انٹرٹینمنٹ
صحت و سائنس
دلچسپ و عجیب

ڈیسک ٹاپ نوٹیفکیشن کے لیے سبسکرائب کریں
Powered by IMM