پاکستان
Time 05 جولائی ، 2022

30 جون سے پہلے بندرگاہوں پر پہنچنے والی غیر ملکی کنسائنمنٹس ریلیز کرنے کا فیصلہ

ای سی سی کے اجلاس میں 19 مئی کو بعض اشیاء کی درآمدات پرپابندی کے بعد ان اشیاء کی پاکستان میں پہنچنے والی کنسائنمنٹس کو ریلیز کرنے سے متعلق وزارت تجارت کی سمری پیش کی گئی— فوٹو: فائل
ای سی سی کے اجلاس میں 19 مئی کو بعض اشیاء کی درآمدات پرپابندی کے بعد ان اشیاء کی پاکستان میں پہنچنے والی کنسائنمنٹس کو ریلیز کرنے سے متعلق وزارت تجارت کی سمری پیش کی گئی— فوٹو: فائل

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں لگژری اور غیرضروری اشیاء کی درآمد پر عائد پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ای سی سی کے اجلاس میں 19 مئی کو بعض اشیاء کی درآمدات پرپابندی کے بعد ان اشیاء کی پاکستان میں پہنچنے والی کنسائنمنٹس کو ریلیز کرنے سے متعلق وزارت تجارت کی سمری پیش کی گئی، ہارڈ شپ کیسزکو حل کرنے کرنے کیلئے ای سی سی نے صرف ایک مرتبہ بندرگاہوں پرپھنسی کنسائنمنٹس کوریلیزکرنے کی خصوصی اجازت دے دی۔

اس فیصلے کا اطلاق پہنچنے والی ان کنسائنمنٹس پرہوگا جو 30 جون سے پہلے پاکستان کی بندرگاہوں پرپہنچ چکی ہیں۔

اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے برآمدی پالیسی آرڈر2022 کے مطابق ٹمبر/ لکڑی کی درآمد سے متعلق بعض شرائط کو معطل کرنے سے متعلق سمری پیش کی گئی، درآمدکنندگان کے ہارڈشپ کیسز کے تناظر میں ای سی سی نے فیصلہ کیاکہ ایچ ایس کوڈز  4401 سے لے کر 4409 تک اشیاء کی درآمد 31 اگست 2022  تک معطل رہے گی۔

خیال رہے کہ لگژری، غیرضروری اشیاء کی درآمد پر پابندی 30 جون 2022 تک لگائی گئی تھی۔

علاوہ ازیں ای سی سی نے 5 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنےکی منظوری بھی دے دی، افغانستان سے پاکستانی روپے میں درآمدات کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ ای سی سی نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی جاری رکھنے کی منظوری دی۔

جانوروں میں لمپی اسکن بیماری کو نیشنل ڈیزیز ایمرجنسی قرار دینےکی سمری اجلاس میں پیش کی گئی جبکہ ای سی سی نے صوبائی سیکرٹریز، این ڈی ایم اےکی میٹنگ کے بعد پلان شیئر کرنے کی  ہدایت کی۔

اس کے لاوہ ٹیلی کام لائسنس کے اجراء کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔

خیال رہے کہ حکومت نے 19 مئی کو ملک کی تیزی سے بگڑتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کیلئے معاشی ایمرجنسی کی بنیاد پر لگژری غیر ملکی اشیاء کی امپورٹ پر مکمل پابندی عائد کی تھی۔

مزید خبریں :