پاکستان
Time 06 جولائی ، 2022

100 یونٹ بجلی مفت کرنے سے غریب کو ریلیف ملے گا، پی ٹی آئی کو کیا تکلیف ہے؟ خواجہ آصف

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ  100 یونٹ بجلی مفت کرنے سے غریب کو ریلیف ملے گا،پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کو کیا تکلیف ہے؟ 

جیونیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 100 یونٹ بجلی مفت کرنا پری پول رگنگ نہیں ، بجلی پر یہ رعایت پہلے بھی دی جاتی رہی ہے ۔ غریب کو سُکھ کا سانس مل رہا ہے تو پی ٹی آئی کو اُس پر کیا اعتراض ہے؟ وہ بھی خیبر پختونخوا میں ایسا کرلیں ۔

 اس کے علاوہ مبینہ آڈیو ٹیپ پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کا سیاست سے تعلق ثابت ہوگیا ہے ، سیاست جیسے کام میں جب آپ دخل اندازی کرتے ہیں تو تنقید کے دائرے میں بھی آتے ہیں اور ہاتھ اور کپڑوں پر داغ بھی لگتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  تحریک انصاف کو چیلنج کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی آڈیو کا فارنزک کروالیں ، یہ آڈیو سب سے بڑا ثبوت ہے کہ کوئی سازش نہیں ہوئی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کی جانب سے 100 یونٹ مفت بجلی کے اعلان پر سپریم کورٹ کو خط لکھا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر مرکزی نائب صدر فواد چوہدری کی جانب سے سپریم کورٹ کو لکھےگئے خط میں کہا گیا ہےکہ پنجاب کو بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعلیٰ کا فارمولا سیاسی فوائدکے لیے ہے، یہ فیصلہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے، عدالت نے انہیں حکم دیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب 22 جولائی تک صرف ضابطے کے اختیارات استعمال کریں گے۔

مزید خبریں :