پاکستان
Time 23 جولائی ، 2022

عمران خان کی کال پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج

فوٹو:سوشل میڈیا
فوٹو:سوشل میڈیا 

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف احتجاج کی کال پر مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے۔

رپورٹس کے مطابق عمران خان کی کال پر اسلام آباد کے ڈی چوک اور لاہور کے لبرٹی چوک پر شہریوں کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا جبکہ  کراچی میں نرسری پر احتجاج کی وجہ سے سڑک بند ہونے سے  بلوچ کالونی پل تک ٹریفک جام ہوگیا۔

اس کے علاوہ  پشاور کی ہشت نگری میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں نے  مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا جبکہ راولپنڈی میں مظاہرین نے چاندنی چوک سے کمرشل مارکیٹ تک ریلی نکالی۔

دوسری جانب  حیدرآباد میں  تحریک انصاف کے کارکنوں نے حیدر چوک پر دھرنا دیا اور پیپلز پارٹی کے کارکن کی گاڑی کا گھیراؤ کیا۔

رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ن لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز دوبارہ وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے جبکہ پرویز الہیٰ کو پھر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ووٹنگ کے نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ لیے جبکہ مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز نے 179 ووٹ لیے۔

ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے رولنگ دی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ق لیگ کے کاسٹ کیے گئے تمام 10 ووٹ مسترد ہوتے ہیں اور میں اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ 10 ووٹ ختم ہونے کے بعد حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے ہیں۔

تاہم بعد ازاں عمران خان نے کارکنوں کو وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف جمعے کی رات ہی سے احتجاج کرنے کی کال دی۔

 عمران خان نے عوام سے  احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم کو پرامن احتجاج کرنا چاہیے، آپ نے بتانا ہے ہم انسان ہیں بھیڑ بکریاں نہیں، سب اپنا احتجاج رجسٹرڈ کریں تاکہ ان کو پتا چلیں ہم بھیڑ بکریاں نہیں، انہوں نے عوامی مینڈیٹ کو ذبح کیا۔

مزید خبریں :