دنیا
Time 23 جولائی ، 2022

عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دے دیا

منکی پاکس کا 70 سے زائد ملکوں میں پھیل جانا ایک غیر معمولی صورتحال ہے لہٰذا اب اس بیماری کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا جانا ناگزیر ہوگیا ہے: عالمی ادارہ صحت— فوٹو: فائل
منکی پاکس کا 70 سے زائد ملکوں میں پھیل جانا ایک غیر معمولی صورتحال ہے لہٰذا اب اس بیماری کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا جانا ناگزیر ہوگیا ہے: عالمی ادارہ صحت— فوٹو: فائل

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے منکی پاکس کو  عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دے دیا۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کا 70 سے زائد ملکوں میں پھیل جانا ایک غیر معمولی صورتحال ہے لہٰذا اب اس بیماری کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا جانا ناگزیر ہوگیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منکی پاکس کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیے جانے کے بعد اب اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے علاج سے متعلق تحقیق پر سرمایہ کاری میں اضافہ ہوجائے گا۔

خیال رہے کہ آج امریکا میں پہلی بار   2 بچوں میں منکی پاکس وائرس کےکیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

امریکی میڈیا کےمطابق منکی پاکس وائرس کے کیسزکی تصدیق امریکی سینٹر فار ڈزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن نے کی۔

منکی پاکس وائرس سے متاثرہ بچوں کی حالت بہتر ہے۔ امریکی ادارے سی ڈی سی نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ امریکا میں اب تک منکی پاکس وائرس کے 2 ہزار 891 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

منکی پاکس کیا ہے؟

منکی پاکس دراصل ایک ایسا وائرس ہے جو بنیادی طور پر جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ منکی پاکس، وائرس کے ’پاکس وائری ڈائے‘ (Poxviridae) فیملی سے تعلق رکھتا ہے، اس فیملی کو مزید 2 ذیلی خاندانوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں 22 انواع ہیں اور مجموعی طور پر اس فیملی میں وائرس کی 83 اقسام ہیں۔

اس فیملی سے تعلق رکھنے والے وائرس میں ’اسمال پاکس‘ یعنی چیچک بھی شامل ہے اور علامات میں قریب ترین ہونے کی وجہ سے منکی پاکس کو اس کا کزن بھی کہا جاتا ہے۔  

مزید خبریں :