لبنان: گلدستوں میں پھولوں کی جگہ نوٹوں کا استعمال کیوں مقبول ہونے لگا؟

فوٹو: عرب میڈیا
فوٹو: عرب میڈیا

گلدستے کا نام سن کر ہمارے دماغ میں جو سب سے پہلی چیز آتی ہے وہ ہے پھول،شادی کا موقع ہو یا پھر کوئی اور تقریب ہمیشہ پھولوں سے بنے گلدستے ہی تحفے میں دیے جاتے ہیں۔

لیکن آج ہم آپ کو پھولوں سے نہیں بلکہ نئے نوٹوں والے گلدستوں کے بارے میں بتا رہے ہیں جو ان دنوں لبنان میں کافی مقبولیت حاصل کر رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق لبنان میں مہنگائی کی وجہ سے پھولوں سے بنے گلدستوں کی قیمتیں بھی آسمان کو چھو رہی ہیں،ایسے میں گلدستوں کے کاروبار سے وابستہ خاتون نے اس کا توڑ نکالا ہے۔

لبنان میں پھولوں کے ایک گلدستے کی قیمت 15 سے 20 لاکھ لبنانی پاؤنڈز(تقریباً 50 سے 65 امریکی ڈالرز) کے درمیان ہو تی ہے،ملک میں مہنگائی کی وجہ سے اس صنعت کو معاشی بحران کا سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

فوٹو: عرب میڈیا
فوٹو: عرب میڈیا

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ تمارا حریری نے پھولوں کے بجائے نوٹوں والے گلدستے متعارف کروائے ہیں۔جس میں وہ  نئے نوٹوں کو پھولوں کی شکل دے کر گلدستہ تیار کرتی ہیں۔

حریری کا کہنا ہے کہ میں نے سوچا کہ زیادہ قیمتیں ہونے کی وجہ سے پھول زیادہ فائدہ مند نہیں لہٰذا میں پھولوں کا متبادل ڈھونڈ رہی تھی،یقیناً، پھولوں کا کوئی متبادل نہیں ہے لیکن شاید نوٹوں سے بنا گلدستہ  پھولوں کے گلدستے   سے بہتر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان گلدستوں کی مقبولیت کی وجہ یہ ہے کہ سالگرہ ہو یا کوئی اور موقع ،شہری اس مہنگائی کے دور میں نوٹوں سے بنا گلدستہ دے کر دوسرے شخص کی مدد کر سکتے ہیں۔

نوٹوں سے بنا ایک چھوٹا گلدستہ بنانے میں تقریباً 30 منٹ سے ایک گھنٹے کا وقت لگتا ہے جبکہ اس میں خریدنے والے کی مرضی پر لبنانی پاؤنڈز یا امریکی ڈالرز استعمال کیے جاتے ہیں۔

فوٹو: عرب میڈیا
فوٹو: عرب میڈیا

 حریری کے مطابق نوٹوں سے بنے گلدستے کی قیمتوں کا انحصار گلدستے کے سائز اور اس میں استعمال کیے جانے والے نوٹوں  پر ہوتا ہے لیکن وہ عام طور پر 4 سے 10 ڈالرز کے درمیان منافع کمالیتی ہیں۔

واضح رہے کہ لبنان 2019 کے بعد سے ایک غیر معمولی اقتصادی بحران کی زد میں ہے،کرنسی 90 فیصد سے زیادہ ڈوب گئی ہے اور تقریباً 80 فیصد آبادی اب غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔

مزید خبریں :