بی جے پی رہنما کا اکشے کمار پر مقدمہ کرنے کا فیصلہ

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار اکشے کمار اپنی نئی فلم 'رام سیتو' کے ریلیز سے قبل ہی مشکلات میں پڑ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما سبرامنیم سوامی نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں فلم رام سیتو میں میں رام سیتو معاملے کو غلط طریقے سے دکھانے پر اکشے کمار اور فلم کے پروڈیوسرز پر مقدمہ دائر کروں گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سبرامنیم سوامی نے کہا کہ فلم میں رام سیتو معاملے کے حقائق کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے  لہٰذا  پروڈیوسرز سے اس کے بدلے معاوضہ بھی وصول کروں گا۔

رام سیتو کیا ہے؟

فوٹو: رام سیتو
فوٹو: رام سیتو

رام سیتو، جسے آدم کا پُل بھی کہا جاتا ہے، بھارتی ریاست تامل ناڈو کے جنوب مشرقی ساحل پر واقع جزیرے پامبن اور سری لنکا کے شمال مغربی ساحل پر واقع جزیرے کے درمیان چونے کے پتھروں سے بنا ہوا  راستہ ہے۔جس کے حوالے سے کئی افسانوی کہانیاں بھی بنائی گئی ہیں۔

رام سیتو معاملہ کیا ہے؟

اطلاعات کے مطابق بھارت کی یونائیٹڈ پروگریسوالائنس (یو پی اے) کی حکومت نے 2007 میں ایک سیتھوسمودرم پروجیکٹ کی تجویز پیش کی تھی۔ اس پروجیکٹ کے تحت گہرے سمندر میں چونے کے پتھروں کو ہٹاکر بھارتی علاقے پالک کو سری لنکن  جزیرے پر واقع قصبے مانار سے جوڑنے کے لیے 83 کلومیٹر طویل راستہ بنایا جانا تھا۔

تاہم سبرامنیم سوامی  اس تجویز کے خلاف عدالت میں چلے گئے۔

رپورٹس کے مطابق اس سال فروری میں، بھارتی سپریم کورٹ نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی کی درخواست پر سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی جس میں حکومت کو رام سیتو کو قومی ورثہ  قرار دینے کی درخواست کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ رام سیتو ایک ایکشن  ڈرامہ فلم ہے جو بھارت کے  ثقافتی اور تاریخی ورثے سے جڑی کہانی کو بیان کرے گی  اس میں اکشے کمار، جیکولین فرنینڈس، نصرت بھروچا اور پنکج ترپیاٹھی  اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

 فلم کی شوٹنگ اس سال جنوری میں مکمل ہوگئی جبکہ فلم کا پوسٹر چند ماہ قبل ہی جاری کردیا گیا تھا۔ یہ فلم رواں سال 24 اکتوبر کو سنیما میں ریلیز کی جائے گی۔

مزید خبریں :