بھارت کے نامور ٹی وی اداکار راسک دیو چل بسے

راسک دیو گزشتہ 4 برس سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھے: بھارتی میڈیا/ فائل فوٹو
راسک دیو گزشتہ 4 برس سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھے: بھارتی میڈیا/ فائل فوٹو

بھارت کےنامور اداکار راسک دیو 65 سال کی عمر میں گردے فیل ہونے کے باعث چل بسے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راسک دیو گزشتہ 4 برس سے گردے کے عارضے میں مبتلا تھے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راسک دیو کی ساس نے بتایا کہ راسک کمزور ہوگئے تھے، انہیں بلڈ پریشر اور گردے کے مسائل تھے اور وہ ڈائیلیسز پر تھے۔

راسک دیو کی ساس کے مطابق اداکار 15 سے 20 دن سے اسپتال میں زیر علاج تھے اور انھیں جمعرات کے روز ہی گھر لایا گیا تھا لیکن وہ جمعہ کی صبح انتقال کرگئے۔

راسک دیو نے سوگواران میں اہلیہ اور معروف اداکارہ کیتکی دیو، ایک بیٹا اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔

ان کی اہلیہ کیتکی دیو بھارتی ٹیلی ویژن کے نامور ڈرامے ’کیوں کہ ساس بھی کبھی بہو تھی ‘ میں دکشا ویرانی کا کردار ادا کرچکی ہیں۔

اداکار کے انتقال پر بھارتی اداکاروں کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

راسک  دیو  نے  گجراتی فلم پترا وادھو سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور متعدد تھیٹر شوز سمیت  ٹی وی شو کے لیے بھی کام کیا۔

راسک اور کیتکی ایک گجراتی تھیٹر کمپنی بھی چلاتے تھے، راسک نے 2006 میں اپنی اہلیہ کے ساتھ رئیلیٹی ڈانس شو ’نچ بلیے 2‘ میں بھی حصہ لیا تھا۔

مزید خبریں :