پاکستان
Time 31 جولائی ، 2022

پاک امریکا تجارتی حجم بڑھ کر 12 ارب ڈالر ہو چکا: پاکستانی سفیر

برآمدات میں 35 فیصد سالانہ اضافہ جاری رہا تو آئندہ تین سال میں پاک امریکا تجارتی حجم 20 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا: مسعود خان۔ فوٹو فائل
برآمدات میں 35 فیصد سالانہ اضافہ جاری رہا تو آئندہ تین سال میں پاک امریکا تجارتی حجم 20 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا: مسعود خان۔ فوٹو فائل

واشنگٹن: امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ امریکا میں پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور  برآمدات کا حجم 9 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔

پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی برآمدات میں سالانہ 35 فیصد اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال امریکا کے لیے پاکستانی برآمدات 7 ارب ڈالر تھیں جو بڑھ کر 9 ارب ڈالر ہو گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 9 ارب ڈالر کی پاکستانی برآمدات میں اشیاء کی تجارت 6.8 ارب ڈالر رہیں جبکہ سروسز بشمول آئی ٹی کی برآمدات 2.2 ارب ڈالر رہیں۔

مسعود خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے 1.4 ارب ڈالر کی آئی ٹی مصنوعات امریکا برآمد کی گئیں۔

پاکستانی سفیر نے بتایا کہ 22-2021 میں امریکا سے درآمدات 3 ارب رہیں جو گزشتہ سال 2.4 ارب ڈالر تھیں، اس طرح پاکستان اور امریکا کے درمیان کل تجارتی حجم بڑھ کر 12 ارب ڈالر ہو گیا ہے جو گزشتہ سال  تقریباً ساڑھے 9 ارب ڈالر تھا۔

مسعود خان نے بتایا کہ برآمدات میں 35 فیصد سالانہ اضافہ جاری رہا تو آئندہ تین سال میں پاک امریکا تجارتی حجم 20 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا، گزشتہ ایک سال میں پاکستان کے ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس نے 800 ملین ڈالر کمائے، ان میں سے 60 فیصد کو امریکی وینچر کیپیٹل کمپنیوں کی جانب سے فنڈنگ فراہم کی گئی۔

مزید خبریں :