دنیا
Time 01 اگست ، 2022

منکی پاکس سے ایشیا میں پہلی ہلاکت بھارت میں رپورٹ

ریاست کیرالہ میں ایک مریض اس بیماری کے باعث ہلاک ہوا / رائٹرز فوٹو
ریاست کیرالہ میں ایک مریض اس بیماری کے باعث ہلاک ہوا / رائٹرز فوٹو

بھارت نے منکی پاکس سے پہلی ہلاکت کو رپورٹ کیا ہے۔

بھارت کی ریاست کیرالہ میں ایک نوجوان اس بیماری کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔

یہ دنیا میں منکی پاکس کی حالیہ وبا کے دوران چوتھی جبکہ ایشیا میں پہلی ہلاکت ہے۔

گزشتہ ہفتے اسپین نے منکی پاکس سے 2 جبکہ برازیل نے ایک ہلاکت کو رپورٹ کیا تھا۔

کیرالہ کے ریاستی وزیر کے راجن نے بتایا کہ 22 سالہ مریض کا انتقال 30 جولائی کو ہوا تھا جبکہ اس سے رابطے میں رہنے والے 21 افراد کو آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شخص 21 جولائی کو متحدہ عرب امارات سے کیرالہ پہنچا تھا مگر اسپتال میں وہ 26 جولائی کو آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شخص کے رابطے میں رہنے والے کسی فرد میں بیماری کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے بتایا کہ مریض کے خاندان کے مطابق بھارت واپسی سے قبل متحدہ عرب امارات میں ہی اس نوجوان کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

عالمی ادارہ صحت نے جولائی کے آخر میں بتایا تھا کہ دنیا کے 78 ممالک میں اب تک منکی پاکس کے 18 ہزار سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے زیادہ تر یورپ میں رپورٹ ہوئے۔

عالمی ادارے کے مطابق منکی پاکس سے ہونے والی بیماری کی شدت عموماً زیادہ نہیں ہوتی اور عام آبادی میں پھیلنے کا خطرہ کم ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے 23 جولائی کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا تھا۔

یہ وائرس کسی متاثرہ فرد سے جلد کے مردہ خلیات کے جھڑنے اور منہ و ناک سے خارج ہونے والے ذرات کے ذریعے دوسرے فرد میں اسی وقت منتقل ہوجاتا ہے جب وہ بہت زیادہ قریب رہے ہوں ، یا ایک ہی تولیہ اور بستر استعمال کررہے ہوں۔

مزید خبریں :