اسمارٹ فونز آپ کو بھلکڑ نہیں بناتے، تحقیق میں دعویٰ

برطانیہ میں ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی / فائل فوٹو
برطانیہ میں ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی / فائل فوٹو

اسمارٹ فونز اور دیگر ڈیجیٹل ڈیوائسز میں بہت زیادہ اہم تفصیلات محفوظ کی جاسکتی ہیں۔

مگر تفصیلات کے لیے اسمارٹ فونز  پر بہت زیادہ انحصار کرنے سے یہ خدشات سامنے آئے تھے کہ اس سے ہماری اپنی یادداشت متاثر ہوسکتی ہے۔

مگر اب ایک نئی تحقیق میں عندیہ دیا گیا ہے کہ ایسا ہونا ضروری نہیں بالخصوص مخصوص حالات میں اسمارٹ فونز یادداشت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

یہ دعویٰ برطانیہ میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

لندن کالج یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت ہوا کہ یہ ڈیوائسز 'ڈیجیٹل ڈیمینشیا' کا سبب نہیں بلکہ ان میں ہم اپنی یادداشت کی وہ تفصیلات محفوظ کرسکتے ہیں جن کو ہمارا ذہن محفوظ نہیں رکھ پاتا۔

اس تحقیق میں 158 بالغ افراد کو شامل کیا گیا تھا اور دریافت ہوا کہ اسمارٹ فونز کے استعمال سے ان کی یادداشت متاثر نہیں ہوئی بلکہ ریمائنڈرز لگانے سے یادیں زیادہ ٹھوس ہوگئیں۔

محققین نے کہا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ ڈیجیٹل ٹائم اور لوکیشن ریمائنڈر کام کرتے ہیں، مگر ہمیں انتہائی اہم تفصیلات کے بیک اپ کے حوالے سے بہت زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے، ورنہ یہ ٹول ناکام ہوجائیں گے۔

تحقیق میں شامل افراد سے ٹچ اسکرین ٹیبلیٹ یا کمپیوٹر پر میموری گیم کھیلنے کا ٹاسک دیا گیا، جسے 16 بار مکمل کرایا گیا۔

8 بار یہ ٹاسک انہوں نے اپنی یادداشت سے مکمل کیا جبکہ باقی 8 کے لیے ریمائنڈرز سیٹ کیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جب رضاکاروں کو ریمائنڈرز کی اجازت دی گئی تو ان کی یادداشت 18 فیصد بہتر ہوگئی۔

مگر نتائج یہ بھی معلوم ہوا کہ گیم کے ان حصوں کے لیے یادداشت 27 فیصد زیادہ بہتر ہوگئی جن کی زیادہ اہمیت نہیں تھی۔

محققین نے بتایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ ڈیوائسز کی بدولت لوگوں نے اہم تفصیلات کو ذہن میں محفوظ رکھا اور باقی تفصیلات کے لیے ڈیوائسز سے مدد لی۔

مگر تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ان ڈیوائسز پر انحصار بھی نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

تحقیق کے دوران جب ڈیوائسز کو دور کردیا گیا تو لوگوں کے لیے اہم تفصیلات کو یاد رکھنا بھی مشکل ہوگیا، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ لوگ ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے ہوئے تفصیلات کو فراموش کردیتے ہیں۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آف Experimental Psychology: General میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :